راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ریکارڈ ہی ریکارڈ بنے، ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار ہوم ٹیم کراچی چیمپئن بنی، بابر اعظم ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین، شاہین آفریدی نمبر ون بولر قرار پائے۔
پی ایس ایل فائیو کا ٹائٹل پہلی بار میزبان کراچی کنگز کے نام رہا، چیمپئن ٹیم کے بابراعظم ٹورنامنٹ کے سپر اسٹار کھلاڑی قرار پائے۔ مایہ ناز اوپنر نے 12 میچوں میں 473 رنز بنائے جس میں اٹھہتر رنز کی ایک بڑی اننگز شامل ہے، ایونٹ میں تین بار مین آف دی میچ قرار پائے۔
بولنگ میں رنرز اپ لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی ٹاپ پر رہے، انہوں نے بارہ میچز میں 17 شکار کیے، اٹھارہ رنز کے عوض چار وکٹیں بہترین میچ پرفارمنس تھیں۔
لاہور قلندرز ہی کے بین ڈنک ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر قرار پائے، انہوں نے وکٹوں کے پیچھے سب سے زیادہ 9 بلے بازوں کی اننگز کا خاتمہ کیا۔
ٹورنامنٹ کے بہترین فیلڈر کا انتخاب بھی لاہور قلندرز سے ہی ہوا، فخر زمان نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 10 کیچز پکڑے۔ ایمرجنگ پلیئر آف دی لیگ کا ایوارڈ پشاور زلمی کے حیدر علی کو ملا، 20 سالہ بیٹسمین نے ایونٹ میں 26.56 کی اوسط سے239 رنز بنائے۔