پی سی بی کا دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے پر اتفاق

Published On 04 December,2020 03:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی سی بی اور قومی اسکواڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، پاکستانی کھلاڑیوں کو تین روز میں ٹریننگ کی اجازت ملنے کا قوی امکان ہے۔

کیویز کے دیس میں پاکستانی اسکواڈ مشکلات کے باوجود دورہ جاری رکھنے کے لیے تیار ہے، جمعرات کو ہونے والی چوتھی کورونا ٹیسٹنگ میں 54 رکنی سکواڈ میں سے 44 ارکان کے ٹیسٹ منفی آگئے جبکہ 10 ارکان کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق 44 ارکان کو کلیئرنس کے باوجود ٹریننگ کی اجازت نہ مل سکی۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے چوتھی ٹیسٹنگ باقاعدہ طور منظر عام پر نہ لانے اور ٹریننگ کی اجازت نہ ملنے پر نیوزی لینڈ حکام سے رابطہ کرکے مایوسی کا اظہار کیا۔

پی سی بی نے دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے کے حوالے سے کپتان اور ہیڈ کوچ سے رابطہ کیا، قومی کھلاڑیوں کی رائے بھی لی۔ ذرائع کے مطابق ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ جہاں اتنے روز گزر گئے، وہاں تین روز اور سہی۔ کورونا ٹیسٹ منفی آنے والے قومی سکواڈ کے ارکان کی آخری ٹیسٹنگ اتوار کو ہو گی جس میں کلیئرنس پر ٹریننگ کی اجازت دی جائے گی۔