قومی ٹی ٹونٹی ٹیم آکلینڈ پہنچ گئی، پلیئرز کل سے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس کریں گے

Published On 15 December,2020 09:45 am

آکلینڈ: (دنیا نیوز) قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ آکلینڈ پہنچ گیا، پلیئرز کل سے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں اِن ایکشن ہوں گے۔ پاکستان شاہینز کی وانگرائے میں ٹریننگ، تین گھنٹے کا پریکٹس سیشن کیا۔ نوجوان کھلاڑیوں کا نیوزی لینڈ اے کے ساتھ چار روزہ میچ 17 دسمبر سے شروع ہو گا۔

کیویز کے دیس قومی شاہینوں کی اڑانیں، ٹی ٹونٹی اسکواڈ کوئنز ٹاؤن سے آکلینڈ پہنچ گیا۔ سولہ دسمبر سے ٹریننگ کا آغاز، انجری کے باعث سیریز سے آؤٹ بابر اعظم کے علاوہ کھلاڑی اِن ایکشن ہوں گے۔ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سمیت فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا افتتاحی میچ 18 دسمبر کو شیڈول ہے۔

دوسری جانب پاکستان شاہینز کی کرکٹ ٹیم نے وانگرائے میں ٹریننگ شروع کر دی، تین گھنٹے سے زائد پریکٹس سیشن میں، نیٹ میں بولنگ اور بیٹنگ کی مشقیں، بھرپور فیلڈنگ ڈرلز کیں۔ پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کے درمیان واحد چار روزہ میچ سترہ دسمبر سے شروع ہوگا۔