لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ڈومیسٹک سرکٹ میں بھی انٹرنیشنل کھلاڑی جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہیں۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے فاسٹ باؤلر ایرن سمرز پاکستان کپ میں شرکت کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق آسٹریلیا کے 24 سالہ فاسٹ بولر ایرن سمرز پہلے غیر ملکی کھلاڑی ہوں گے جو پاکستان کے نئے ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر میں شرکت کریں گے۔ وہ 8 جنوری سے کراچی میں شروع ہونے والے پاکستان کپ میں سدرن پنجاب کی نمائندگی کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک مقابلوں میں کسی بھی سائیڈ کی طرف سے ایک غیر ملکی کھلاڑی کو کھیلنے کی اجازت دیتا ہے۔ اس مقصد کے لیے غیر ملکی کھلاڑی کو اپنے ملک کے کرکٹ بورڈ کی طرف سے این او سی جمع کروانا لازم ہے۔
تسمانیہ سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر 28 دسمبر کو لاہور پہنچیں گے۔ وہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اظہر محمود کی زیر نگرانی ایک ہفتہ ٹریننگ کریں گے۔ اس کے بعد ایرن سمرز پانچ جنوری کو سدرن پنجاب کے سکواڈ کو کراچی میں جوائن کرلیں گے۔
ایرن سمرز کے علاوہ سدرن پنجاب کے کنٹریکٹ یافتہ کوچ اظہر محمود، رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ تیمور بھٹی کی بھی کوچنگ کریں گے۔
Pakistan Cup gets Australia fast bowler boost
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) December 26, 2020
More: https://t.co/OVK4VdlHgX#PakistanCup | #HarHaalMainCricket pic.twitter.com/uk5y0h1aVZ
ایرن سمرز پاکستان سپر لیگ 2019 میں کراچی کنگز اور آسٹریلیا کی بِگ بیش لیگ میں ہوبارٹ ہریکینز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
انہوں نے دسمبر 2017 میں ہریکینز کی طرف سے اپنے پہلے میچ میں تیز رفتار بولنگ میں جوفرا آرچر اور ٹائمل ملز کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ اس طرح وہ آسٹریوی سرزمین پر خود کو ایک تیز رفتار بولر کے طور منوا چکے ہیں۔
ایرن سمرز کا کہنا ہے کہ وہ سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے کنٹریکٹ پیش کیے جانے پر خوش ہیں۔ یہ ایسوسی ایشن جارحانہ کرکٹ کھیلتی ہے جو کہ ان کے لیے موزوں ہے، یقینی طور پر یہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کی ایک مضبوط سائیڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہت سے فاسٹ باؤلرز پیدا کیے ہیں اور وہ یہاں آکر اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کپ میں اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے کی کوشش بھی کریں گے۔ یہ ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا اس میں میری فٹنس اور معیار کا بھی امتحان ہے۔ میرا مقصد ایک بہترین پروفیشنل کرکٹر بننا ہے اور میرا خیال ہے کہ پاکستان مجھے اس ٹارگٹ کو حاصل کرنے میں میری مدد کر سکتا ہے۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا نیا ڈومیسٹک نظام معیاری ہے اور ایرن سمرز کی پاکستان آمد کی خبر ہمارے مؤقف کی تائید کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ غیرملکی کرکٹرز پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لیں جس طرح ہمارے کرکٹرز آسڑیلیا اور برطانیہ کے ڈومیسٹک مقابلوں میں شریک ہو تے ہیں۔
مجھے امید ہے کہ ایرن سمرز کی شرکت سے پاکستان کے ڈومیسٹک نظام کا پروفائل بڑھے گا۔ اس کے علاوہ ہمارے مقامی کھلاڑیوں کو بھی ایک دوسرے ماحول کے کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا۔