قائداعظم ٹرافی: سدرن پنجاب نے سندھ کو شکست دیدی

Published On 24 December,2020 08:16 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون میں سدرن پنجاب نے سندھ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

سٹیٹ بینک سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے میچ میں سدرن پنجاب کو میچ جیتنے کیلئے 370 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ سدرن پنجاب نے 93.4 اوورز کے کھیل میں 370 رنز بنائے ۔ سندھ نے پہلی اننگز میں 217 رنز بنائے۔ جواب میں سدرن پنجاب نے 247 رنز بنائے۔ سندھ نے دوسری اننگز 399 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔

نیشنل سٹیڈیم میں سنٹرل پنجاب اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانیوالا میچ ہار جیت کا فیصلہ ہوئے بغیر ختم ہو گیا۔ خیبر پختونخوا کو میچ جیتنے کیلئے 305 رنز کا ہدف ملا۔ آخری روز جب میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو خیبر پختونخوا نے 21 اوور کے کھیل میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 65 رنز بنائے تھے۔ فخر زمان کو صفر پر حسن علی نے بولڈ کیا۔ کامران غلام 14 رنز پر محمد سعد کا شکار ہوئے۔

اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے 89 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے چوتھے روز کھیل کا آغاز کیا اور 304 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد دوسری اننگز 265 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی۔ قاسم اکرم نے 181 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 79 رنز کی اننگز کھیلی۔ خیبر پختونخوا کی طرف سے ساجد خان اور خالد عثمان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔