2020ء: کوہلی نہ شرما، محمد حفیظ ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین

Published On 22 December,2020 04:51 pm

لاہور: (علی مصطفیٰ) اولڈ از گولڈ، ڈھلتی عمر کے باوجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ کی کارکردگی میں نکھار آنے لگا، 2020ء میں ویرات کوہلی ، روہت شرما سمیت بڑے بڑے کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ کی بڑھتی عمر میں حیران کن طور پر بیٹنگ بہترین ہوتی جا رہی ہے، وہ حالیہ کچھ عرصے سے ٹوٹنٹی میں مستقل مزاجی سے رنز کے انبار لگا رہے ہیں، ہوم اور اوے دونوں وینیوز پر بہترین حریف سائیڈز کیخلاف رنز بنائے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ حفیظ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ناٹ آؤٹ 99 رنز 40 برس یا اس سے زائد عمر میں کسی کھلاڑی کی جانب سے کھیلی جانے والی سب سے بڑی ٹی 20 انٹرنیشنل اننگز ہے۔ وہ 40 ویں سالگرہ منانے کے بعد اس طرز میں ففٹی سکور کرنے والے پہلے فل ممبر پلیئر ہیں ان سے قبل مالٹا اور لکسمبرگ کے دو پلیئرز یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

اگر سال 2020ء کی بات کی جائے تو اس میں محمد حفیظ نے بڑے بڑے کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی سے پیچھے چھوڑ دیا ہے، سینئر آل راؤنڈر نے رواں سال دس ٹی ٹوٹنی میچز کھیلے، ان میچز میں انہوں نے 8 اننگز کھیلیں جن میں 3 مرتبہ ناٹ آؤٹ رہے اور 415 سکور بنا کر ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہوئے،ایک سال کے دوران ان کی بیٹنگ ایوریج 83 رہی، جبکہ 4 ففٹیاں بھی بنانے میں کامیاب ہوئے۔

اگر گزشتہ 10 میچز کی بات کی جائے تو سینئر کھلاڑی نے بنگلا دیش کے خلاف لاہور میں 17، 67 رنز بنائے، انگلینڈ میں مانچسٹر میں کھیلے جانے والے میچ میں ان کی باری نہیں ، مانچسٹر میں ہی کھیلے جانے والے چوتھے میں انہوں نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اگلے میں گوروں کیخلاف 86 رنز کی جاندار بیٹنگ کی۔

زمبابوے کے خلاف راولپنڈی میں ہونے والے میچ میں انہوں نے 36 رنز کی باری کھیلی، جبکہ مہمان ٹیم کے خلاف اگلے میچ میں ان کی بیٹنگ نہیں آئی، نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں بیٹسمین صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ دوسرے میچ میں انہوں نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے 99 رنز بنائے جبکہ تیسرے ٹی ٹونٹی میچ جیتنے میں 41 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔

سال 2020ء کی بات کی جائے تو محمد حفیظ کے علاوہ بھارت کے بیٹسمین راہول نے 11 میچز میں 404 رنز بنائے اور دوسرے نمبر پر رہے، دیگر کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے ڈیوڈ میلان 397، نیوزی لینڈ کے سیفرٹ 11 میچز میں 352 سکور کیساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔

حیران کن طور پر ٹی ٹونٹی اور عالمی ون ڈے کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے ویرات کوہلی اس فہرست میں ساتویں نمبر پر رہے، انہوں نے 10 میچز میں 295 سکوربنائے۔

دوسری طرف سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ الحمد للہ، اللہ تعالیٰ بہترین منصوبہ ساز ہے۔