لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کھلاڑیوں کے چناؤ کے دوران پہلی پک کرے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی ایس ایل سیزن فائیو میں آخری نمبر پر رہنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ پہلی پک کرے گی، دوسری باری ملتان سلطانز جبکہ تیسری پک لاہور قلندرز کی ہوگی۔
اسی طرح چوتھی باری پشاور زلمی ،پانچویں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ہوگی، سال دوہزار بیس کی چیمپئن ٹیم کراچی کنگز پہلے راؤنڈ میں آخر میں کھلاڑی پک کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ایک بیان میں بتایا کہ پی ایس ایل 6 کا ڈرافٹ آئندہ ماہ جنوری 2021 کے پہلے ہفتے میں ہوگا۔ پی ایس ایل 6 کی شروعات 20 فروری سے کرنے کی امید ہے، ایونٹ کے 6 میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ پشاور کے سٹیڈیم میں میچز 2022 کے پی ایس ایل میں ہوں گے۔
خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے فائنل میچز منسوخ کر دیے تھے جس کے بعد احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے یہ میچز بعد میں کرائے گئے تھے۔
پی ایس ایل فائیو کے فائنل میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر پہلی بار ٹرافی اپنے نام کی تھی، بابر اعظم کو فائنل کا مین آف دی میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔