پاکستان سپر لیگ 2021: کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ تقریب کل ہوگی

Published On 09 January,2021 08:22 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان سپر لیگ 2021 کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کی تقریب کل نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں منعقد ہوگی۔ ڈرافٹنگ کی تقریب کا آغاز شام ساڑھے چار بجے باب وولمر انڈور سکول میں ہوگا۔ تقریب کیلئے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہوجائے گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 2021 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ لیگ کا افتتاحی میچ بیس فروری کو کھیلا جائے گا، جہاں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ اگلے روز ایونٹ میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔

پہلے میچ میں لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی فائنلسٹ لاہور قلندرز اور ایڈیشن 2017 کی فاتح پشاور زلمی کی ٹیمیں جبکہ دوسرے میچ میں 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ تیس روزہ ٹورنامنٹ کا فائنل بائیس مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

2017 کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔ کورونا کے دوران تمام سٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر 34 میچز پر مشتمل ایونٹ کراچی اور لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل سٹیڈیم کراچی اور دوسرا مرحلہ پی سی بی ہیڈ کوارٹرز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

دونوں شہروں میں برابر میچز کھیلے جائیں گے، تمام ٹیموں میں ڈے اور نائٹ میچز کی تقسیم بھی برابری کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ تماشائیوں کی آمد سے متعلق کوئی بھی فیصلہ ایونٹ سے چند روز قبل کیا جائے گا، اس حوالے سے حکومتی سفارشات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔ سپر لیگ 2021 کا سپورٹ پیریڈ 15 فروری سے شروع ہوگا۔
 

Advertisement