لاہور: (دنیا نیوز) مصباح الحق نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ سے سیریز ہارنا مایوس کن، شکست پر معذرت کرنا نہیں چاہتا، کرکٹ میں قسمت بھی شامل ہوتی ہے، بعض اوقات اچھا کھیل کر بھی نتائج نہیں ملتے۔
ہیڈ کوچ مصباح الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بیٹنگ، بولنگ اور خاص طور پر فیلڈنگ میں مایوس کن پرفارمنس رہی، کورونا اور انجریز کی وجہ سے ٹریننگ کا وقت بھی قرنطینہ میں گزرا، کورونا کے باعث ٹی 20 کے بہترین کھلاڑی فخر زمان نہ جا سکے، بابر اعظم کا انجری کا شکار ہونے سے بہت نقصان ہوا، ٹیم نے پوری جان ماری، بھرپور کوشش کی۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ دنیا کی بہترین، اپنی سر زمین پر بہت مضبوط ٹیم ہے، قومی ٹیم کی کارکردگی گورننگ بورڈ میں بتا چکا، کل کرکٹ کمیٹی میں بھی وضاحت دوں گا، ہمیں کھلاڑیوں کو اعتماد دینا، وقت کے ساتھ بہت بہتری ہوگی، کارکردگی میں خامیوں اور بہتری، کرکٹ کمیٹی بھی اپنی تجاویز پیش کرے گی، انجریز، کم تیاری کے باوجود ایک ٹی 20 جیتے، 2 میچ قریب تک گئے۔
ہیڈ کوچ مصباح الحق نے مزید کہا کہ فہیم اشرف، فواد عالم اور محمد رضوان کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے، میری باڈی لینگوئج بہت مثبت ہے، محمد عامر کی اپنی رائے ہے، ہمیشہ سپورٹ کیا، محمد عامر کو صرف ناقص پرفارمنس پر ڈراپ کیا گیا، ناقدین کی تنقید، ہر بندہ اپنے ظرف کے مطابق بات کرتا ہے۔