نواز شریف کو وطن واپس لانے کے کیس میں بڑی جان ہے: شہزاد اکبر

Published On 11 January,2021 12:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ پٹواری کچھ بھی کرلیں، کرپشن میں ہی پکڑے جائیں گے، نواز شریف کو وطن واپس لانے کے کیس میں بڑی جان ہے، ان کو اقامہ پر نہیں، کرپشن اور منی لانڈرنگ پر ہی سزا ہوئی ہے۔

 وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے ایوان وزیر اعلیٰ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے قوم سے مسلسل جھوٹ بولے، شریف خاندان کے جھوٹ کی داستان آشکار ہوچکی، ماضی میں گزارا ہو جاتا تھا مگر اب جھوٹ پکڑا جاتا ہے، نواز شریف نے اثاثے، کرپشن اور منی لانڈرنگ چھپائی، انہیں کرپشن اور منی لانڈرنگ پر ہی نکالا گیا، نواز شریف آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورے نہیں اترتے۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنے جھوٹ کیلئے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کیا، انہوں نے سپریم کورٹ میں فلیٹس سے متعلق جھوٹ بولا، یانیہ گھڑا گیا کرپشن پر نہیں، نواز شریف کو اقامے پر نکالا گیا، شریف خاندان نے لندن سے آنیوالی خبروں پر قبل از وقت مٹھایاں بانٹیں، پاناما کیس سے نواز شریف سرٹیفائیڈ جھوٹے قرار پائے۔

معاون خصوصی شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ نواز شریف نے کہا لندن کی عدالت نے ہمیں بری کر دیا، لندن کی عدالت کا فیصلہ پڑھے بغیر بیانیہ لایا گیا، معاہدہ تھا جتنی ریکوری ہوگی 20 فیصد براڈ شیٹ کو دی جائے گی، براڈ شیٹ اثاثے ڈھونڈنے کی کمپنی ہے، پاکستان نے خدمات حاصل کیں، حکومت پاکستان اور نیب نے براڈ شیٹ کے ساتھ معاہدہ معطل کیا تھا۔

Advertisement