جنوبی افریقا نے پاکستان ویمنز کو دوسرے ٹی 20 میں بھی شکست دے دی

Published On 01 February,2021 11:05 am

ڈربن: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقی ویمنز ٹیم نے پاکستانی ویمنز ٹیم کو تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی شکست دے دی۔

ڈربن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان جنوبی افریقا نے پاکستان ویمن ٹیم کو 18 رنز سے ہرا دیا۔ جنوبی افریقی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 133 رنز بنائے اور گرین شرٹس کو 134 رنز کا ہدف دیا مگر وہ مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر صرف 115 رنز ہی بناسکی۔

میزبان ٹیم کی شبنم اسماعیل نے 12 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی اور پاکستان کا ہدف تک کا سفر مشکل بنا دیا۔ میچ میں فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقی ویمنز ٹیم نے 3 میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔