لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔ ٹی ٹونٹی سیریز میں محمد حفیظ کو مِس کرینگے۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ دوسرے ٹیسٹ کی فائنل الیون کا اعلان آخری دن کریں گے، پچ کو دیکھ کر ضرورت پڑی تو میچ میں تبدیلی ممکن ہے۔ کراچی ٹیسٹ میں ٹیم نے مشکل صورت حال میں فائٹ کیا، راولپنڈی میں کنڈیشنز تھوڑی تبدیل ہوں گی، کوشش یہی ہوگی کہ غلطیوں کونہ دوہرائیں، جنوبی افریقا بہترین ٹیم ہے اور فائٹ بیک کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش یہی ہوگی راولپنڈی ٹیسٹ جیت کر سیریز جیتیں، نیوزی لینڈ سیریز ہارنے کے بعد جو باتیں ہورہی ہیں اس سےغرض نہیں، پوری توجہ ٹیسٹ میچ پر ہے، حارث رؤف بہت اچھی بولنگ کر رہے ہیں، فرسٹ کلاس میں راولپنڈی کی پچ کافی گرین ہوتی ہے، راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پچ جو بن رہی اسے دھوپ لگ رہی ہے۔
ہیڈکوچ کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میچ سے ایک دن قبل تک لگ رہا ہے پچ کافی ڈرائی ہو جائے گی، کراچی ٹیسٹ میں اسپن کو پاکستان نے اچھا کھیلا، راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے بھی یہی کوشش ہوگی، حسن علی کو ایک میچ میں جج کرنا زیادتی ہے۔ حسن کم بیک کر رہے ہیں اور ڈومیسٹک میں اچھا پرفارم کیا۔
مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ شاہین شاہ پر ہرگز پریشر نہیں ڈال رہے، محمد حفیظ کی فارم بہت اچھی ہے، ٹیم میں نہ ہونا فرق ڈالے گا، محمد حفیظ کو یاد کریں گے لیکن یہ کسی اور کے لیے بھی ایک موقع ہے، کوشش ہے ہر کھلاڑی کو مکمل موقع دیا جائے، تمام کھلاڑی تیار ہیں اگلے میچ میں اچھا پرفارم کریں گے۔