جنوبی افریقا کیخلاف سیریز میں فتح، چیئرمین پی سی بی کی قومی ٹیم کو مبارکباد

Published On 14 February,2021 10:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جنوبی افریقا کے خلاف سیریز جیتنے پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز جیتنے پر ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں اور سٹاف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کامیابی ٹیم ورک اور مشترکہ محنت کا ثمر ہے۔ محمد رضوان نے کرکٹ فینز کے دل جیت لیے، حسن علی اور نعمان علی کی کارکردگی سے بھی بہت خوش ہوں۔

احسان مانی نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد جس طرح قومی ٹیم نے کم بیک کیا، وہ ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کی اس کارکردگی نے مداحوں کو خوش کر دیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کرکٹ فینز پاکستان کرکٹ ٹیم سے ملک کے اندر اور باہر ایسی ہی کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔ سیریز کے دوران اعلیٰ معیار کی براڈ کاسٹ کوریج اور بہترین انتظامات نے دنیا بھر میں پاکستان کرکٹ کی ساکھ میں مزید اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتظامات سیکورٹی ایجنسیز، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھے۔