لاہور: (ویب ڈیسک ) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پروٹیز نے گرین شرٹس کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔ فیصلہ کن میچ اتوار کو ہو گا۔
145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم کو پہلے ہی اوور میں نقصان برداشت کرنا پڑا۔ شاہین شاہ کی گیند پر مالان 4 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین سمٹس 7 سکور بنا کر چلتے بنے۔ شاہین شاہ کی گیند پر بابر اعظم نے کیچ تھاما۔ بلجون نے 42 سکور کی باری کھیلی۔
ڈیوڈ ملر 25 اور کپتان کلاسن 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پروٹیزٹیم نے ہدف 17 اوورز میں حاصل کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور پہلے میچ میں سنچری بنانے والے محمد رضوان نے کیا۔ حریف ٹیم کی طرف سے پہلا اوور سمٹس نے کیا۔
قومی ٹیم کو پہلا نقصان کپتان کی صورت میں اٹھانا پڑا، مسلسل دوسرے میچ میں بھی بابر اعظم ناکام رہوے اور فاسٹ باؤلر پیٹورس کی گیند پر 5 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ حیدر علی مسلسل دوسری بار پھلواکیو کا نشانہ بن گئے اور 10 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
آل راؤنڈر حسین طلعت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ 3 رنز بنا کر تبریز شمسی کا نشانہ بن گئے۔ افتخار احمد 21 گیندوں پر 20 رنز بنا کر کریز چھوڑ گئے۔ اس دوران پہلے میچ میں سنچری بنانے والے محمد رضوان نے دوسرے میچ میں بھی نصف سنچری داغی تاہم 51 سکور پر وکٹ کیپر بیٹسمین پھلواکیو کو کیچ دے بیٹھے۔
دیگر کھلاڑیوں میں خوشدل شاہ 15، محمد نواز صفر پر آٹ ہوئے۔ فہیم اشرف 12 گیندوں پر 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 144 رنز بنائے۔ پیٹورس نے 5 شکار کیے۔
ٹاس جیت کر پروٹیز کپتان کلاسن کا کہنا تھا کہ ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
پروٹیز سکواڈ:
مالان، ہینڈرکس، سمٹس، بلجون، ڈیوڈ ملر، کلاسن، پھلواکیو، پیٹورس، سٹرامین، سپآملہ ، تبزیز شمسی
قومی سکواڈ:
بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، حیدر علی، حسین طلعت، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، فہیم اشرف، عثمان قادر، شاہین آفریدی اور حارث رؤف ۔