سرفراز سے رضوان کی تعریف ہضم نہ ہوئی، حفیظ سے ٹویٹر پر لفظی نوک جھوک

Published On 13 February,2021 04:14 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد سے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی تعریف ہضم نہ ہوئی۔سابق کپتان محمد حفیظ کیساتھ الجھ بیٹھے۔ بورڈ نے کھلاڑیوں کو تنبیہ کر دی جبکہ اس معاملے کو اٹھانے کے لیے محمد عامر بھی کود پڑے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کیخلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کروانے والے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں زبردست کارکردگی پر دنیا بھر سے تعریفیں سمیٹ رہے ہیں۔

محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی میں تھری فیگر اننگز کھیل کر تمام فارمیٹس میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی اور برینڈن میک کولم کے بعد دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر بلے باز ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا اور ان کے اس ریکارڈ پر قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ محمد حفیظ نے کھل کر تعریف کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ اسکورر محمد حفیظ نے رضوان کو سنچری بنانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ چمکتے ہوئے ستارے ہیں لیکن مجھے حیرت ہوتی ہے کہ آپ کو کب تک یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ آپ کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں پاکستان کے نمبرون وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں۔

حفیظ کی جانب سے محمد رضوان کے حق میں یہ تعریفی کلمات سابق کپتان سرفراز احمد سے برداشت نہ ہوئے اور انہوں نے جواب میں کہا کہ حفیظ بھائی صاحب! امتیاز احمد، وسیم باری، تسلیم عارف، سلیم یوسف، معین خان اور راشد لطیف سے لے کر کامران اکمل اور اب محمد رضوان تک جو بھی پاکستان کے لیے کھیلا وہ نمبر ون ہی رہے ہیں اور اسی کے مطابق ان کی عزت کی جاتی ہے۔

اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ اور خاص طور پر قومی ٹیم کے کوچز وقار یونس اور مصباح الحق سے ناراض قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر بھی حفیظ سے بدلہ لینے کے لیے میدان میں کود پڑے۔

عامر نے ٹوئٹ میں کہا کہ بابو! آپ بھی پاکستان میں نمبر ون وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں اور آپ کی کپتانی میں ٹی ٹوئنٹی ٹیم 2 سال نمبر ون رہی اور سب سے بڑھ کر چیمپئن ٹرافی پاکستان آئی۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز آپ پاکستان کا فخر ہیں اور مزے کی بات لوگوں کا کام ہے فضول باتیں کرنا لہذا انجوائے کریں۔

مزید برآں پی سی بی کے باسز سرفراز احمد کی دوران سیریز ٹوئٹر پر لفظی جنگ سے نالاں ہو گئے۔ کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام نے سرفراز احمد اور محمد حفیظ کی ٹوئٹر پر گفتگو کا نوٹس لے لیا۔

ٹیم مینجر منصور رانا کی سرفراز احمد اور محمد حفیظ سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے، پی سی بی کی طرف سے سرفراز احمد کو تنبیہ کی گئی دونوں کھلاڑیوں کو معاملہ رفع دفع کرنے کی ہدایت کردی گئی۔