لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کی بڑی ٹیم ملتان سلطانز نے بڑا اعلان کر دیا۔ ٹیسٹ اور ٹی 20 کرکٹ کے ہیرو محمد رضوان کو چھٹے ایڈیشن کے لیے کپتان مقرر کر دیا۔
محمد رضوان نے بھی اہم ذمہ داری ملنے پر ٹیم سلطانز کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور شاندار پرفارمنس سمیت سلطانز کو لیگ کا چیمپئن بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
Official Announcement: Multan Sultans announces Mohammad Rizwan as captain of the franchise for #HBLPSL6 pic.twitter.com/dIFD3TKaub
— Multan Sultans (@MultanSultans) February 15, 2021
28 سالہ محمد رضوان نے دنیائے کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔ 13 ٹیسٹ، 35 ون ڈے اور 29 ٹی 20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے زبردست پرفارمنسز دیں۔ ٹیسٹ ٹیم کے مستقل نائب کپتان مقرر ہوئے، نیوزی لینڈ کے خلاف مشکل سیریز میں بطور ٹیسٹ کپتان اہم کردار نبھایا۔
محمد رضوان جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں تو ہیرو بنے، ٹیسٹ سنچری اور پھر ٹی 20 میں سنچری سکور کرنے والے دوسرے پاکستانی بیٹسمین بنے، صرف اتنا ہی نہیں بلکہ 197 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر اور مین آف دی سیریز قرار پائے۔ قومی ٹیم کے ساتھ سپر سٹار محمد رضوان کی فاتحانہ اننگز کے بعد سلطانز کے دیوانوں نے بھی سپر کارکردگی کی امیدیں لگالیں۔