لاہور: (ویب ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن میں متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا گیا۔ فاف ڈوپلیسی، فواد احمد سمیت پانچ غیرملکی لیگ کا حصہ بن گئے۔
بیس فروری سے شروع ہونے والی لیگ میں شامل ٹیموں نے بین الاقوامی مصروفیات کی وجہ سے عدم دستیاب کھلاڑیوں کے متبادل کا انتخاب کر لیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے تین جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی نے ایک ایک غیر ملکی کھلاڑی کو بطور متبادل اپنے سکواڈ میں شامل کیا ہے۔
پی ایس ایل 202ء پلے آف میچز کے لیے نومبر میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے فاف ڈوپلیسی ایڈیشن 2021ء میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بن گئے ہیں، جنوبی افریقی کرکٹر کو چند میچز کے لیے کرس گیل کی جگہ لیگ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اُدھر اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیوزی لینڈ کے کولن منرو کی جگہ آسٹریلیا کے سپنر فواد احمد کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، فواد احمد اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے نیوزی لینڈ میں آئسولیشن کی صورتحال کے باعث کولن منرو اسلام آباد یونائیٹڈ کو دستیاب نہیں ہوںگے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے امریکی علی خان کو بھی متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے اپنے سکواڈ میں شامل کر لیا ہے، انہیں انگلش پلیر ریس ٹوپلی کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، ریس ٹوپلی کو دورہ بھارت کے لیے اعلان کردہ انگلینڈ کے سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
دورہ بھارت کی وجہ سے انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر کرس جارڈن بھی اب اسلام آباد یونائیٹڈ کو دستیاب نہیں ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ان کی جگہ آئر لینڈ کے پال اسٹرلنک کو سکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔
انگلینڈ کے دورہ بھارت کی وجہ سے لیام لیونگ اسٹون بھی پشاور زلمی کو دستیاب نہیں ہوں گے ، ان کی جگہ ٹام کیڈمور کو سکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔ انہوں نے سیزن 2018ءمیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی تھی۔
یاد رہے کہ 20 فروری سے شروع ہونے والی لیگ 22 مارچ تک جاری رہے گی، ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل سٹیڈیم کراچی اور دوسرا قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔