پشاور: ارباب نیازکرکٹ اسٹیڈیم کا توسیعی منصوبہ 3 ڈیڈ لائن کے باوجود تاحال نامکمل

Published On 15 March,2021 09:08 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا توسیعی منصوبہ سست روی کا شکار ہو گیا، تین بارڈیڈ لائن دینے کے باوجود منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل نہ ہوسکا۔ حکام کہتے ہیں کورونا کے باعث تعمیراتی کام روکنا پڑا۔

پشاورمیں بین الاقوامی طرز پر تعمیر کیا جانیوالا ارباب نیازکرکٹ اسٹیڈیم کا توسیعی منصوبہ سست روی کا شکار ہو گیا، مںصوبے کی تکمیل کےلیے تاریخ پہ تاریخ کا سلسلہ چل پڑا۔

پشاورمیں بین الاقوامی کرکٹ کے متعدد میچز کی نمائندگی کرنے والے ارباب نیاز اسٹیڈیم کے توسیعی منصوبے کی ابتدائی لاگت ایک ارب چالیس کروڑ روپے تھی، منصوبہ رواں سال جنوری میں مکمل کیا جانا تھا لیکن مقررہ وقت میں تعمیراتی کام مکمل نہ ہوسکا، شہری کہتے ہیں حکومت منصوبے پر جلد کام مکمل کرے۔

اسٹیڈیم جہاں مقررہ وقت میں مکمل نہیں ہوا وہیں اس کی لاگت میں بھی اضافہ ہوا جو ایک ارب 96 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، ڈی جی سپورٹس کے مطابق اسٹیڈیم پر تعمیراتی کام کورونا وباء کے باعث روکنا پڑا، منصوبہ رواں سال نومبر تک مکمل ہوجائیگا۔

اسٹیڈیم کی بین الاقوامی طرزپرتعمیر کے بعد 26 ہزار تک تماشائیوں کی گنجائش ہوگی۔