خیبرپختونخوا میں ایف بی آر، ایکسائز اور پولیس سمیت ادارے اختیارات کے تنازع پر آمنے سامنے

Published On 11 March,2021 09:00 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں ایف بی آر، ایکسائز، موٹروے پولیس اورمحکمہ پولیس کے درمیان منشیات کی روک تھام کے لیے حدود کا تعین نہ ہو سکا، اداروں کے درمیان تنازعات بڑھ گئے۔ اسمگلروں کے خلاف مقدمات کے اندراج میں بھی مسائل سامنے آ گئے، معاون خصوصی برائے ایکسائز کہتے ہیں کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں منشیات کی روک تھام اور دیگر غیرقانونی اقدامات کی روک تھام کے لیے مختلف اداروں کے درمیان مسائل بڑھ گئے، ایف بی آر، موٹروے پولیس، خیبرپختونخوا پولیس، ایکسائز اور اے این ایف اختیارات کے معاملے میں آمنے سامنے آ گئے۔ صوبہ بھرمیں منشیات کے قلع قمع اور کارروائیوں کے لیے بیک وقت ایف بی آر، موٹروے پولیس، ایکسائز، اے این ایف اور محکمہ پولیس کے ادارے سرگرم ہیں تاہم ان کے درمیان حدود کے تعین کا معاملہ حل نہ ہوسکا، اسمگلروں کے خلاف کارروائیوں اور مقدمات کے اندراج کے حوالے سے ہر ادارہ اپنی ہی کررہا ہے، شہری کہتے ہیں حکومت کو اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہیئں۔

دوسری جانب صوبائی حکومت نے بھی اداروں کے درمیان تنازعات مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے اقدامات شروع کر دیئے، معاون خصوصی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن غزن جمال کہتے ہیں اداروں کے مابین مسائل کے خاتمے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، تمام اداروں کے تعاون سے مشکلات مشترکہ طور پر حل کی جائیں گی۔

اداروں کے مابین تنازعات کے خاتمے کے لیےحکومتی اقدامات تاحال ملاقاتوں اور کاغذی کارروائی تک ہی محدود ہیں۔

 

Advertisement