کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پولیس کی کارروائی کے دوران شادی کا جھانسہ دے کر قیمتی اشیا ہتھیانے والا جعلساز خاندان گرفتار، ملزمان کیخلاف 35 مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے ملزمان کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ بارات لے کر شادی ہال پہنچے، ملزمان میں میاں ، بیوی اور 2 بیٹے شامل ہیں۔ خاندان بارات لیکر پہنچا تو پولیس نے نعیم، دولہا بنے بیٹے عباد، بھائی اور والدہ کو گرفتار کر لیا۔
فراڈیئے خاندان کیخلاف عزیز بھٹی تھانے میں 30 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ نارتھ ناظم آباد بلاک اے کی رہائشی نے پولیس کو درخواست دی تھی جس میں کہا کہ میں نے اپنی بیٹی کی شادی نعیم الدین نامی شخص کے بیٹے سے طے کی تھی گزشتہ روزنکاح کے بعد جہیز، دولہا کے جوڑے اور 50 ہزار روپے نقد بھی لے گئے۔ حرکتوں سے مشکوک اور فراڈیئے معلوم ہوتے ہیں جس پر پولیس نے کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق دلہا کے والد نے خود کو حساس ادارے کا ریٹائرڈ افسر ظاہر کیا تھا۔ تحقیقات میں پورا گھرانہ جعلساز نکلا، لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔