پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا

Published On 10 April,2021 11:16 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 4 میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ آج جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 5 بجے شروع ہوگا۔

قومی ٹیم ون ڈے کے بعد ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے کیلئے بھی پر امید ہے جبکہ میزبان ٹیم کپتان سمیت اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ابھی تک 17 ٹی 20 میچز کھیلے گئے، 9 میں جنوبی افریقہ اور 8 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔

دوسری طرف قومی کرکٹر محمد حفیظ جنوبی افریقہ کے خلاف 100 ٹی ٹونٹی میچ یادگار بنانے کے پر جوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنا 100 ٹی ٹونٹی میچ مکمل کرنے جارہے ہیں، بہت خوش ہوں کہ میں اپنے سو میچ مکمل کروں گا، جنوبی افریقہ میں آکر کھلاڑیوں نے بہت اچھا پرفارم کیا، یہ سیریز کافی چیلنجنگ ہوگی، اپنی بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ مڈل آرڈر میں کچھ تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ اب سے ضروری ہے کہ اپنے فٹنس کے معیار کو کبھی کم نہ کریں۔ کوشش ہے کہ نوجوانوں کو گائیڈ کروں، ضروری نہیں عہدہ ہی پاس ہو ویسے بھی لڑکوں کی ہر وقت رہنمائی کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
 

Advertisement