فائنل ٹی ٹونٹی میں زمبابوے کو 24 رنز سے شکست، پاکستان نے سیریز جیت لی

Published On 25 April,2021 05:19 pm

ہرارے: (دنیا نیوز) ہرارے کے میدان میں کھیلے گئے آخری ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کیلئے ایک سو چھیاسٹھ رنز کا ہدف دیا تھا۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اس میچ میں بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے صرف 60 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 91 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

پاکستانی ٹیم کے دیگر بلے بازوں میں کپتان بابر اعظم کا آج دوبارہ خوب بلا چلا۔ انہوں نے اس میچ میں بھی اپنی نصف سنچری سکور کی بلکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا۔

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کے اوپنر ویزلی نے اچھی بیٹںگ کی لیکن ان کے علاوہ کسی اور بلے باز نے کارکردگی دکھانے کی کوشش ہی نہیں کی جس کی وجہ سے زمبابوے نے یہ میچ ہار کر سیریز بھی اپنے ہاتھ سے گنوا دی۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے صرف 18 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حارث رؤف کے حصے میں دو جبکہ محمد حسنین کے حصے میں صرف ایک وکٹ آئی۔

زمبابوے کی ٹیم مقررہ اوورز میں 165 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکی اور 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 141 رنز بنا سکی۔ پاکستان نے تیسرا اور فائنل ٹی ٹونٹی جیت کر اس سیریز میں فتح اپنے نام کی۔
 

Advertisement