کمزور ترین ٹیم زمبابوے سے پاکستان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ ہار گیا

Published On 23 April,2021 05:15 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) کمزور ترین زمبابوین ٹیم سے پاکستان دوسرے ٹی ٹونٹی میچ ہار گیا، میزبان ٹیم کو گرین شرٹس کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل میں پہلی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کیا۔

گزشتہ دس میچز میں رنز کے انبار لگانے والے محمد رضوان اس بار بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 13 رنز بنا کر جنگوے کا نشانہ بن گئے۔ فخر زمان کی باری 2 سکور تک محدود رہی، برل نے پویلین بھیجا۔

گزشتہ سال رنز کے انبار لگانے والے محمد حفیظ بھی کمزور ٹیم کے خلاف محض 5 سکور بنا کر آؤٹ ہوئے۔بابر اعظم کی 41 رنز کی بیٹنگ کا اختتام جنگوے نے کیا۔ آصف علی ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور ایک سکور بنا کر پویلین چلے گئے۔ فہیم اشرف 2 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

دانش عزیز کی بیٹنگ 21 رنز پر ہمت ہار گئی، ارشد اقبال صفر پر آؤٹ ہوئے۔ ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 99 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جنگوے 4 اور برل 2 وکٹیں حاصل کیں۔

میزبان ٹیم کو گرین شرٹس کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل میں پہلی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

زمبابوے کی بیٹنگ:
اس سے قبل دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 119 رنز کا ہدف دے دیا۔

ہرارے میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ زمبابوے کو 19 کے مجموعی پر پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا اور کپتان برینڈن ٹیلر 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تناشے کموہکاموے کا ساتھ دینے تدیوناشے مرومانی کریز پر آئے تاہم 13 رنز بنانے کے بعد ارشد اقبال نے انکی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث زمبابوے کی رنز بنانے کی اوسط زیادہ نہ ہو سکی ہے اور وہ مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنا سکی۔

تناشے کموہکاموے 34 رنز بنا کر سرفہرست رہے، محمد حسنین اور دانش عزیز نے 2، 2 جبکہ فہیم اشرف، ارشد اقبال، حارث رؤف اور عثمان قادر نے ایک، ایک حاصل کی۔
 

Advertisement