پنجاب حکومت نے مزید اضلاع میں سکولوں کی بندش کا فیصلہ کر لیا

Published On 23 April,2021 09:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبے کے مزید اضلاع میں سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس بات کا اعلان وزیر تعلیم مراد راس کی جانب سے کیا گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں مراد راس نے بتایا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر صوبے کے 17 اضلاع کے تمام سرکاری اور نجی سکولز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر مراد راس نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ 13 اضلاع میں سکول پہلے سے بند جبکہ آج اوکاڑہ، جھنگ، خانیوال اور بھکر میں بھی سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 17 اضلاع میں نویں سے بارہویں جماعت کے طلبہ ہفتے میں دو دن سکول آئیں گے۔ پنجاب کے باقی اضلاع میں سکول ایس او پیز پر بھرپور عملدرآمد کے ساتھ پرانے شیڈول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ مشکل لیکن طلبا اور اساتذہ کی حفاظت کے لئے کیا گیا ہے۔ کسی بھی قیمت پر ان کی زندگی خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب کے 13 اضلاع میں پہلی تا آٹھویں جماعت سکول عیدالفطر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جن اضلاع کے سکولوں پر پہلے سے بندش ہے ان میں راولپنڈی، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یارخان، ڈی جی خان اور شیخوپورہ شامل ہیں۔

 

Advertisement