پاکستانی معاشرے میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان کا انتباہ

Published On 23 April,2021 05:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 ہزار چھ سو ہے، ہم پچھلی کورونا کی لہر سے بہت زیادہ اوپر جا چکے ہیں۔

میڈیا بریفنگ کے دوران انھوں نے کہا کہ متاثرہ مریضوں کی شرح10 فیصد سے زیادہ ہے۔اس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ معاشرے میں وبا کا پھیلائو بڑھ رہا ہے ،بہت سے علاقے ایسے ہیں جہاں وبا کا پھیلائو 20 فیصد تک ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس سے ہیلتھ سسٹم پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ آکسیجن پر پریشر بھی بہت زیادہ ہے اور ہم مجموعی صلاحیت کا 90 فیصد استعمال کر رہے ہیں،اس صورتحال میں پابندیوں میں اضافہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم اس پر عمل نہیں کرتے تو ہم اس جگہ نہ پہنچ جائیں جہاں ہمیں مکمل لاک ڈائون کرنا پڑے گا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ میری آپ سب سے اپیل ہے کہ ایس او پیز کو اپنائیں اور اپنی صحت، اپنے گھر والوں کی صحت بلکہ پورے معاشرے کی صحت کا خیال رکھیں۔

 

Advertisement