خیبرپختونخوا میں صحت اور تعلیم کا فروغ، عالمی بینک نے 40 کروڑ ڈالر کی منظوری دیدی

Published On 23 April,2021 05:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی بینک کے انتظامی بورڈ نے خیبر پختونخوا میں صحت اور تعلیمی خدمات میں سرمایہ کاری میں تیزی لانے کیلئے 40 کروڑ ڈالر کی معاونت کی منظوری دیدی ہے۔ یہ معاونت انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے فراہم کی جائیگی۔

عالمی بینک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سپیڈ پروگرام سے صوبائی حکومت کو صحت اورتعلیمی خدمات کے شعبوں میں انسانی کیپٹل میں سرمایہ کاری کیلئے منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔ اس پروگرام کے تحت بجٹ کی تخصیص اور مصارف میں اصلاحات کے نفاذ، صوبہ میں معیاری سکولوں اور صحت کے مراکز کے قیام اور صحت وتعلیمی شعبہ کی خدمات میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔

پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے بتایا کہ سپیڈ پروگرام خیبر پختونخوامیں مالیاتی انتظام وانصرام کا ایک موثر پروگرام ہے جو منصوبہ بندی، میزانیہ سازی، پرکیورمنٹ، سپلائی چین منیجمنٹ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اورصحت وتعلیمی شعبہ کی خدمات کیلئے وسائل کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے سرکاری اخراجات، مصارف اور خدمات کی فراہمی میں شفافیت لانے بارے صوبائی حکومت کے عزم کی عکاسی ہو رہی ہے۔ سپیڈ پروگرام کے ٹیم ٹاسک لیڈر ریمنڈ موہولا نے بتایا کہ یہ پروگرام کے پی ریونیو موبلائزیشن اور پبلک ریسورس منیجمنٹ پروگرام کے ساتھ ساتھ چلایا جا رہا ہے جس کا مقصد عوامی خدمات کے دائرہ کار میں توسیع اور اس میں بہتری لانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت بنیادی صحت کے مراکز میں ادویات تک شہریوں بالخصوص خواتین کی رسائی، زچہ وبچہ مراکز کے قیام اور بالخصوص طالبات کے 45 فیصد تعلیمی اداروں میں مناسب تدریسی عملہ کی تعیناتی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
 

Advertisement