لاہور: (ویب ڈیسک) ترکی کے مشہور ڈرامے ارطغرل غازی میں بطورِ ولن ماریہ کا کردار اد کرنیوالی اداکارہ صدف شاہین نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے پاکستانی لڑکوں نے متعدد بار شادی کی پیشکش کی ہے۔
ترک اداکارہ صدف شاہین نے نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران کہا کہ ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی پاکستان میں نشر ہونے کے بعد مجھے پاکستانیوں کی جانب سے خوب پیار و محبت ملا ہے۔ میرے پاکستانی مداح اپنے مختلف پیغامات کے ذریعے میرے کام سراہتے ہیں جسے دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اُنہیں کئی بار پاکستانی لڑکوں کی جانب سے شادی کی پیشکش ہوئی ہے۔ اگر مجھے کسی پاکستانی لڑکے سے محبت ہوجاتی ہے تو میں ضرور اس سے شادی کرنا چاہوں گی لیکن شرط صرف یہ ہے کہ میں استنبول نہیں چھوڑ سکتی۔
صدف شاہین نے کہا کہ میں چاہوں گی کہ میرا شوہر بھی میرے ساتھ استنبول میں ہی رہے کیونکہ مجھے اس شہر سے بہت زیادہ محبت ہے۔
تُرک اداکارہ نے کردار کے حوالے سے کہا کہ میرے لیے ماریہ کا کردار ادا کرنا کافی مشکل تھا کیونکہ میں نے اس سے قبل کبھی اس طرح کا کوئی کرداد نہیں نبھایا تھا۔ اس سے قبل بھی میرا ایک ڈرامہ پاکستان میں نشر ہوا تھا جس کا نام ’فریحہ‘ تھا اور اس ڈرامے میں بھی میری اداکاری کو پاکستانیوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا تھا۔
صدف شاہین نے کہا کہ مجھے بہت اچھا لگتا ہے جب دُنیا بھر سے میرے مداح سوشل میڈیا پر میرے لیے محبت بھرے پیغامات جاری کرتے ہیں۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ میں اپنے مداحوں کے پیغامات کا جواب دوں اور میں اپنی مصروفیت سے وقت نکال کر یہ کام ضرور کرتی ہوں۔