دوسرا ٹی ٹونٹی: زمبابوے کے ہاتھوں بدترین شکست، شعیب ملک انتظامیہ پر برس پڑے

Published On 23 April,2021 10:17 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میچ ہارنے کے بعد قومی ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک ٹیم انتظامیہ پر برس پڑے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ ہارنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ناتجربہ کار فیصلہ سازوں کو ایک قدم پیچھے ہٹنے کی ضرورت ہے۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور چیف سلیکٹر محمد وسیم کو اہم فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ میری ذاتی رائے میں ہمیں ایک بین الاقوامی وائٹ بال کوچ درکار ہے جس کو کرکٹ کی سمجھ ہو اور کپتان کی حوصلہ افزائی کر سکے اور مستقبل کے لیے کھلاڑیوں کو تیار کر سکے۔

اپنے ٹویٹ میں شعیب ملک نے لکھا کہ جب ہماری کرکٹ مینجمنٹ پسند اور نا پسند پر انحصار کرے گی خاص کر اس وقت جب ملکی کرکٹ مشکلات کا شکار ہو تو پھر بحیثیت قوم ہم اپنی ٹیم سے کیا توقع رکھ سکتے ہیں۔

سینئر آل راؤنڈر نے لکھا کہ جب آپ کرکٹ ٹیم کے کپتان کو فیصلے نہیں کرنے دو گے تو پھر ایسا ہی ہار ہو گا۔

قومی ٹیم کے سینئر آل راؤنڈ کا یہ اشارہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی طرف ہے جو زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں محض 119 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکی اور صرف 99 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
 

Advertisement