محمد رضوان، عثمان قادر کی شاندار کارکردگی، پاکستان نے زمبابوے کو ہرا دیا

Published On 21 April,2021 04:27 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کی رنز مشین محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ اور عثمان قادر کی نپی تلی باؤلنگ کے باعث پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 11 رنز سے ہرا دیا۔

150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز تِناشے کموہکاموے اور ویزلے مدہیورے نے کیا۔ دونوں اوپننگ بیٹسمینوں نے ابتداء میں ہی چند جارحانہ شارٹس کھیلے۔

 ویزلے مدہیورے محمد حسنین کو وکٹ دے بیٹھے، اس سے اگلی ہی گیند پر فاسٹ باؤلر نے مرومانی کو پویلین بھیج دیا۔ کموہکاموے29 سکور بنا کر محمد حفیظ کا نشانہ بن گئے، اروئن کی اننگز 34 تک محدود رہی۔

دیگر بیٹسمینوں میں سین ولیمز 9، چاکبوا3،ریان بَرل 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جونگوے 30 اور مساکڈزا 2 سکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، زمبابوے کی ٹیم 138 رنز بنا سکی۔ عثمان قادر نے تین شکار کیے، محمد حسنین کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔

پاکستان کی بیٹنگ: 

اس سے قبل ہرارے میں کھیلے جارہے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا۔ پاکستان کو 8 کے مجموعی سکور پر بابر اعظم کا نقصان اٹھانا پڑا اور صرف 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

فخر زمان نے رضوان کے ساتھ مل کر مزاحمت کی لیکن 42 کے مجموعے پر ہمت ہار بیٹھے اور وہ بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

رضوان نے ایک بار پھر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمدہ کھیل پیش کیا تاہم دوسرے اینڈ سے وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث قومی ٹیم بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں ناکام رہی۔

محمد رضوان نے 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61 گیندوں پر 82 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ ڈیبیو کرنے والے دانش عزیز نے 15 رنز بنائے۔ گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 149 رنز بنائے۔ لیوک جونگوے اور ویزلے مدہیورے نے 2، 2 جبکہ بلیسنگ موزاربانی اور رِچرڈ نراوا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی سکواڈ:
بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، حیدر علی، دانش عزیز، محمد نواز، فہیم اشرف، عثمان قادر، محمد حسنین اور حارث رؤف

زمبابوین سکواڈ:
سین ولیمز (کپتان)، تِناشے کموہکاموے، ویزلے مدہیورے، تدیوَناشے مرومانی، کریگ اروائن، رائن بَرل، ریجِس چاکبوا، لیوک جونگوے، ویلنگٹن مساکڈزا، بلیسنگ موزاربانی اور رِچرڈ نراوا
 

Advertisement