دورہ زمبابوے: محمد یوسف ٹیسٹ کرکٹرز کی ٹریننگ سے متاثر

Published On 20 April,2021 12:34 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) بیٹنگ کوچ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر اور سابق کپتان محمد یوسف دورہ زمبابوے سے قبل قومی کرکٹرز کی ٹریننگ سے متاثر ہو گئے۔

قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کا ٹریننگ کیمپ قذافی سٹیڈیم میں آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ قومی سکواڈ کے اراکین 21 اپریل کو زمبابوے کیلئے روانہ ہوں گے۔ ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے کوچز کی نگرانی میں بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ سابق کپتان محمد یوسف جو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں بیٹنگ کوچ ہیں وہ خاصے متحرک دکھائی دے رہے ہیں، وہ بیٹسمینوں کی پہلے بیٹنگ پریکٹس کی ویڈیوز بناتے ہیں اور پھر انہیں وہ ویڈیوز دکھا کر ٹپس دیتے ہیں۔

محمد یوسف کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی کیمپ میں سخت محنت کر رہے ہیں، ہم ٹیم مینجمنٹ کے پلان کے مطابق ٹریننگ کروا رہے ہیں اور کھلاڑی اچھا رسپانس دے رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑی جس طرح محنت کر رہے ہیں، امید ہے کہ وہ سیریز میں اچھا پرفارم کریں گے۔ محمد یوسف نے کہا کہ کیمپ میں کھلاڑیوں کے ساتھ انفرادی سکلز ورک بھی کیا ہے، اس کے ساتھ کیمپ میں دو فُل ڈے اور 50 اوورز کا ایک ہاف ڈے میچ بھی کھیلا گیا، کوشش کی ہے کہ کھلاڑیوں کو پہلے ، دوسرے ، تیسرے ، چوتھے اور پانچویں روز کی پچ اور کنڈیشنز کی مناسبت سے ٹریننگ کروائیں۔
 

Advertisement