ٹی ٹونٹی: بابر اعظم نے کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا، متعدد ریکارڈ اپنے نام کر لیے

Published On 14 April,2021 08:58 pm

لاہور: (علی مصطفیٰ) آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد بابر اعظم نے متعدد ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔ ٹی ٹونٹی میں سنچری بنا کر ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، بھارتی کپتان کا ہائی سکور 94 رنز ہے جبکہ بابر اعظم تینوں فارمیٹ میں سنچری جڑنے والے دنیا کے پہلے کپتان بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے رہے چار میچز کی سیریز کے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی ٹی ٹونٹی کیریئر کی پہلی سنچری بنائی۔ اس طرح وہ پاکستان کی طرف سے بطورِ کپتان ٹی ٹونٹی میں سنچری کھلاڑی کرنے والے پاکستانی بیٹسمین بن گئے ہیں۔

 انہوں نے بطورِ کپتان 122 رنز کی جارحانہ باری کھیلی، محمدرضوان 104 سکور بنا چکے ہیں جب کہ ٹی ٹونٹی میں پاکستان کی طرف سے پہلی تھری فیگر اننگز کھیلنے والے احمد شہزاد 111 رنز بنا چکے ہیں۔

 میچ کے خاص بات کپتان بابراعظم کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی پہلی سنچری تھی جو انہوں نے صرف 49 گیندوں پر اسکور کی جس میں 11 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔اس طرح وہ پاکستان کی طرف سے تیز ترین تھری فیگر اننگز کھیلنے والے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ جاری،بابر اعظم عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے

 کپتان 59 گیندوں پر 122 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 15 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

 یاد رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم کی طرف سے اوپنر احمد شہزاد، محمد رضوان ٹی ٹونٹی میں سنچریاں بنا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ ون ڈے کے بعد ٹی 20 کرکٹ میں بھی بابر اعظم نے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ بھارتی کپتان اب تک ٹی 20کرکٹ میں سنچری سکور نہ کرسکے ہیں جبکہ بابر اعظم نے آج سنچری سکور کی ہے۔بھارتی کپتان کا بہترین سکور 94 ہے۔

دوسری طرف بابر اعظم نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ اوپننگ پارٹنر شپ بنانے کا بھی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ دونوں اوپنرز نے 197 رنز کی شراکت قائم کی جو پاکستان کی جانب سے ٹی20 کرکٹ میں شراکت کا نیا ریکارڈ ہے، اس سے قبل یہ اعزاز محمد حفیظ اور احمد شہزاد کے پاس تھا جنہوں نے 2013 میں زمبابوے کے خلاف ناقابل شکست 143 رنز کی ساجھے داری قائم کی تھی۔

جہاں ایک طرف بلے بازوں نے کئی مثبت ریکارڈ پاکستانی ٹیم کے نام کیے وہیں میچ میں 20 اوورز میں 203 رنز دینے والے پاکستانی باؤلرز کئی منفی ریکارڈ بھی بنا گئے۔

پاکستان کے خلاف پروٹیز نے 203 رنز بنائے اور یہ 7 سال بعد پہلا موقع ہے کسی ٹیم نے پاکستان کے خلاف 200 سے زائد رنز بنائے، اس سے قبل 2013 میں سری لنکا نے کے خلاف 200 رنز سے زائد کا ہندسہ عبور کیا تھا۔

میچ میں تمام ہی پاکستانی باؤلرز کی کارکردگی واجبی رہی اور تمام باؤلرز میزبان بلے بازوں کے خلاف جدوجہد کرتے نظر آئے۔

مزید برآں ٹی ٹونٹی میں 48 میچز کی کارکردگی کی بات کی جائے تو بابر اعظم رنز مشین بنے ہوئے ہیں۔

قومی کپتان نے 48 ٹی ٹونٹی میچز میں 1916 رنز بنا لیے ہیں جبکہ ویرات کوہلی نے 1852 رنز بنائے تھے، اتنی ہی اننگز میں ایرون فنچ 1635، کرس گیل 1537 اور فاف ڈوپلیسی 1465 رنز بنا چکے ہیں۔

اس سے قبل قومی کپتان بابر اعظم نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی، پانچ سال سے سرفہرست ویرات کوہلی سے اعزاز چھین کر پہلی بار نمبر ون بیٹسمین بن گئے۔

شاباش بابر اعظم، ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر آ گئے، انہوں نے ویرات کوہلی کی 5 سالہ سلطنت ختم کردی۔ قومی کپتان کو جنوبی افریقہ سیریز کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا انعام ملا ہے، دوسو اٹھائیس رنز کی بدولت بابر اعظم آئی سی سی رینکنگ میں پہلی بار نمبر بیٹسمین بنے ہیں۔ اس سے قبل ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمد یوسف آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بن چکے۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم ٹیسٹ رینکنگ میں بھی اپنی بادشاہت قائم کرنے کے خواہشمند

 دیگر قومی کرکٹرز کی بھی ترقی، اوپنر فخر زمان ساتویں نمبر پر آ گئے، قومی فاسٹ بولرمحمد عامر دسویں نمبر پر براجمان جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ترقی کر کے 11واں نمبر حاصل کر لیا۔

ن ڈے کرکٹ میں آئی سی سی کی نمبر ون رینکنگ حاصل کرنے والے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اب ٹیسٹ رینکنگ میں بھی اپنی بادشاہت قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔

پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بابراعظم کا کہنا تھا کہ وہ ظہیر عباس ، جاوید میانداد اور محمد یوسف کی کمپنی میں شامل ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں ۔ یہ ہمیشہ پاکستان کرکٹ کے چمکتے ہوئے ستارے رہیں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اگر وہ سر ویوین رچرڈز اور ویرات کوہلی کی طرح ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں سخت محنت کرنی ہوگی اور رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔

بابراعظم نے کہا کہ میں نے پہلے بھی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہوئی ہے لیکن میری خواہش ہے کہ ٹیسٹ رینکنگ میں بھی پہلی پوزیشن پر قبضہ جمائوں، کرکٹر کی صلاحیتیوں کا اصل امتحان ٹیسٹ کرکٹ ہے، ٹیسٹ کا نمبر ون بیٹسمین بننے کے لیے محنت جاری رکھوں گا۔

Advertisement