تیسرا ٹی ٹونٹی: بابر کی سنچری، پہاڑ جیسا ہدف پاکستان نے ہنستے کھیلتے عبور کر لیا

Published On 14 April,2021 05:08 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) کپتان بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت 4 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے 204 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر ہنستے کھیلتے ہوئے عبور کر لیا۔ ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم نے پہلی بار 200 سے زائد رنز کا ہدف حاصل کیا۔

204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کیا، دونوں نے آغاز سے ہی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں اطراف شارٹس کھیلے۔

 قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 49 گیندوں پر سنچری مکمل کی، اس طرح وہ پاکستان کی طرف سے ٹی ٹونٹی میں سنچری بنانے والے تیسرے بیٹسمین بن گئے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم کی طرف سے اوپنر احمد شہزاد، محمد رضوان ٹی ٹونٹی میں سنچریاں بنا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ جاری،بابر اعظم عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے

دوسری طرف بابر اعظم نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ اوپننگ پارٹنر شپ بنانے کا بھی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 197 رنز کی پارٹنر شپ بنی، بابر اعظم 122 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ولیم نے وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے 204 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر ہنستے کھیلتے ہوئے عبور کر لیا۔ محمد رضوان نے 73 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ ولیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

  جنوبی افریقا کی بیٹنگ
اس سے قبل پاکستان اور پروٹیز کرکٹ ٹیم کے درمیان تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کے کپتان کلاسن کو بیٹنگ کی دعوت دی اور خود باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقا کیخلاف سنچری، کپتان بابر اعظم نے متعدد ریکارڈ اپنے نام کر لیے

پروٹیز کرکٹ ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز جانِ من مالان اور ایڈن مارکرم نے کیا، دونوں نے ابتدائی اوورز میں ہی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں طرف زبردست شارٹس کھیلے۔

مارکرم نے ٹی ٹونٹی سیریز کے تیسرے میچ میں مسلسل تیسری نصف سنچری بنائی ، ان کی اننگز کا اختتام محمد نواز کیا، بیٹسمین 63 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔

دیگر بیسٹمینوں میں لنڈے 22، جانِ من مالان 55 ، کلاسن 15 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔ ڈوسن 34 جبکہ فلواکیو 11 سکور بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پروٹیز ٹیم نے مقررہ اوورز میں 203 رنز بنائے ہیں۔محمد نواز نے دو وکٹیں حاصل کیں، فہیم اشرف اور حسن کے حصے میں ایک ایک شکار آیا۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم ٹیسٹ رینکنگ میں بھی اپنی بادشاہت قائم کرنے کے خواہشمند

پاکستانی سکواڈ:
محمد رضوان، بابر اعظم، فخر زمان، محمد حفیظ، حیدر علی، آصف علی، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین آفریدی، حارث رؤف۔

جنوبی افریقی سکواڈ:
ایڈن مارکرم، جانِ من مالان، ڈوسن، کلاسن، بلجون، لنڈے، فلواکیو، ماگالا، ہینڈرکس، ولیم، تبریز شمسی

Advertisement