کورونا وائرس نے سابق پاکستانی کرکٹر پرویز اختر کی جان لے لی

Published On 27 April,2021 10:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے وار جاری ہیں۔ اس کی لپیٹ میں آ کر پاکستان کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر پرویز اختر بھی انتقال کر گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مرحوم پرویز اختر گزشتہ کچھ دنوں سے شدید بیمار تھے، ان کا ٹیسٹ کروایا گیا تو ان کے جسم میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ طبی امداد کیلئے انھیں ہسپتال داخل کرایا گیا تاہم وہ موذی مرض کے وار نہ سہہ سکے اور اللہ کو پیارے کو ہوگئے۔

کرکٹ حلقوں میں مرحوم پرویز اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مرحوم کی عمر 68 سال تھی۔ وہ پیدائشی طور پر لاہور کے رہائشی تھے۔

پرویز اختر نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہت نام کمایا۔ انہوں نے اڑہتالیس فرسٹ کلاس اور آٹھ اے لسٹ میچوں میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ کرکٹ حلقوں میں ان کا نام جانا پہچانا تھا۔

انہوں نے فرسٹ کلاس اور ڈومیسٹک کرکٹ میں لاہور، پنجاب اور ہاؤس بلڈنگ کی کپتانی کے فرائض بھی سرانجام دیئے تھے۔

 

Advertisement