نئی قومی سپورٹس پالیسی پر وزارت بین الصوبائی رابطہ متحرک

Published On 26 April,2021 11:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئی قومی سپورٹس پالیسی پر وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ متحرک ہو گئے ہیں۔ اس سلسلے میں فیڈریشنز سے مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

ترجمان وزارت بین الصوبائی رابطہ کے مطابق وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کی سروسز سپورٹس کنٹرول بورڈ کے صدر ایڈمرل رئیر عبدالباسط بٹ سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں سیکرٹری اسکواش فیڈریشن گروپ کیپٹن طاہر سلطان اور ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ آصف زمان بھی موجود تھے۔ اس ملاقات میں قومی سپورٹس پالیسی کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

سپورٹس بورڈ حکام کی جانب سے پالیسی کے سلسلے میں تجاویز پر سروسز سپورٹس بورڈ کے سربراہ اور سیکرٹری پی ایس ایف طاہر سلطان کو بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے اس موقع پر کہا کہ سپورٹس کو نصاب کا حصہ بنایا جانا چاہیے تا کہ گراس روٹ لیول پر کھیلوں کو فروغ دیا جا سکے۔

اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ سپورٹس فیڈریشنز کے ساتھ مل کر سپورٹس پالیسی تشکیل دیں گے تاکہ ملک میں کھیلوں کی صورت حال کو بہتر کیا جا سکے۔
 

Advertisement