پی ایس ایل6: ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پچھاڑ کر فائنل میں جگہ بنا لی

Published On 21 June,2021 05:30 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے پہلے پلے آف میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پچھاڑ کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ سہیل تنویر مرد میدان قرار پائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ بیٹنگ:

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز اچھا نہ تھا، کولن منرو کو سہیل تنویر نے پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر بولڈ کر دیا۔ ون ڈاؤن بیٹسمین محمد اخلاق 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

 کپتان شاداب خان بھی صفر پر سہیل تنویر کا نشانہ بن گئے، افتخار احمد نے 15 گیندوں پر 16 رنز کی اننگز کھیلی اور موذر بانی کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔ آصف علی صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے۔

15 ویں اوور میں مزاحمتی دکھانے والے عثمان خواجہ 70 سکور کی باری کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ حسن علی 10 رنز بنا کر عمران طاہر کو وکٹ دے بیٹھے۔ محمد وسیم جونیئر 13 رنز پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ فہیم اشرف صفر پر چلتے بنے۔ موذربانی کی گیند پر چارلس نے شاندار کیچ تھاما۔

اسلام آباد یونائیٹڈ مقررہ اوورز میں 149رنز بنا سکی۔سہیل تنویر اور موذربانی نے 3.3، عمران طاہر نے 2 شکار کیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ ملتان سلطانز سے میچ میں شکست کے باوجود پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان فاتح ٹیم کے ساتھ دوسرے ایلیمنٹر مقابلے میں ٹکرائے گی۔ دوسرے ایلیمنٹر کی فاتح ٹیم فائنل میں ملتان سلطانز کے مد مقابل ہو گی۔

 ملتان سلطانز بیٹنگ:

اس سے قبل ملتان سلطانز کی طرف سے اننگزکا آغاز محمد رضوان اور شان مسعود نے کیا، تاہم اس بار کپتان بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور محض تین گیند کھیل کر صفر پر أؤٹ ہو گئے، عاکف جاوید نے وکٹ حاصل کی۔

 آٹھویں اوور میں یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے شان مسعود اور ریلی روسو کو ایل بی ڈبلیو کر دیا، دونوں نے بالترتیب 25 اور صفر رنز بنائے۔15 ویں اوور میں چارلس 41 سکور بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف نے وکٹ حاصل کی۔ 17 ویں اوور میں صہیب مقصود کی 59 سکور پر اننگز کا خاتمہ فہیم اشرف نے کیا۔

ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 180 رنز بنائے۔ خوش دل شاہ 42جبکہ سہیل تنویر 12 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ فہیم اشرف اور شاداب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ملتان سلطانز سکواڈ:
محمد رضوان، شان مسعود، صہیب مقصود، جونسن چارلس، روسو، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، عمران طاہر، موذربانی، عمران خان سینئر، شاہنواز دھانی

اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ:
کولن منرو، عثمان خواجہ، محمد اخلاق، شاداب خان، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، حسن علی، فہیم اشرف، وسیم جونیئر، عاکف جاوید

Advertisement