لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل سکس سمٹ کر چار بہترین ٹیموں میں آ گئی جن کے مقابلے آج سے شروع ہوں گے، پلے آف تک اسلام آباد یونائیٹڈ کا پہلا نمبر آیا، بابر اعظم بہترین بیٹسمین اور شاہنواز دھانی کامیاب ترین بولر ثابت ہوئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ کے بڑے برانڈ کا دوسرا بڑا مرحلہ، گروپ میچز میں تمام چھ ٹیموں نے دس دس میچ کھیلے، دو بار کی چیمپئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ 16 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ بہترین بلے بازی کراچی کنگز کے بابر اعظم نے کی ، وہ پانچ سو ایک رنز کے ساتھ نمبر ون ہیں، صرف اتنا ہی نہیں بلکہ پاکستان سپر لیگ میں مجموعی طور پر دوہزار رنز کا سنگ عبور کرنے والے پہلے کرکٹر ہیں۔
چھوٹے فارمیٹ کے بڑے مقابلوں کو بڑے بڑے چھکوں سے یادگار بنانے میں شرجیل خان کا نام آیا جنہوں نے دس میچز میں سب سے زیادہ 23 چھکے لگائے۔ بولنگ میں چھوٹا نام بڑا کام کی مثال سچ ثابت ہوئی، ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی 20 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ اچھی فیلڈنگ اسلام آباد یونائیٹڈ کے افتخار احمد نے کی، تمام میچز میں نمائندگی کرتے ہوئے آٹھ کیچ پکڑنے میں کامیاب رہے۔
پی ایس ایل کے ان ریکارڈز نے کرکٹ دیوانوں کو اور زیادہ متوجہ کر لیا، 24 جون کو شیڈول فائنل تک کس کو کیا اعزاز ملتا ہے، کچھ اور انتظار کرنا ہو گا۔