لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 26 ویں میچ میں 248 رنز کےہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی 232 رنز پر ہمت ہار بیٹھی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز میچ کے بعد 15 سکور سے فتح کر لی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے 26 ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مستقل کپتان شاداب خان کو آرام کی غرض سے باہر بٹھایا گیا ہے اور کپتانی کی ذمہ داری عثمان خواجہ کے سپرد کی گئی ہے۔
پشاور زلمی بیٹنگ:
248 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، حضرت اللہ زازئی پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر عاکف جاوید کا شکار بن گئے، امام الحق کی بیٹنگ 7 سکور تک محدود رہی۔ عاکف نے ایک مرتبہ پھر وکٹ حاصل کی۔
کامران اکمل نے 32 گیندوں پر53 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے، حسین طلعت نے وکٹ حاصل کی۔ رومن پول 14 رنز بنا کر عاکف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
دیگر بیٹسمینوں میں ردر فورڈ 29، شعیب ملک 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ وہاب ریاض 27 اور عمید آصف 20 سکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 232 رنز پر ہمت ہار بیٹھی، عاکف جاوید نے تین شکار کیے، حسین طلعت کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ:
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے اننگز کا آغاز کولن منرو اور کپتان عثمان خواجہ نے کیا، دونوں نے ابتداء میں ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے بیٹنگ کی اور وکٹ کے چاروں اطراف شاندار شارٹس کھیلے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلا نقصان 98 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب کولن منرو 28 گیندوں پر 47 رنز بنا کر شعیب ملک کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ آصف علی نے ایک مرتبہ پھر جارحانہ بیٹنگ کی۔ بیٹسمین 14 گیندوں پر 43 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ان کی اس اننگز میں 5 چھکے شامل تھے۔
عثمان خواجہ نے پی ایس ایل کے پہلے ہی ایونٹ میں سنچری داغی، انہوں نے 53 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تھری فیگر اننگز کھیلی اور 105 بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کنگ46رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 247 رنز بنائے۔ یہ پی ایس ایل ایونٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کے خلاف 2019ء میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنائے تھے۔
پشاور زلمی سکواڈ:
کامران اکمل (وکٹ کیپر) حضرت اللہ زازئی، امام الحق، شعیب ملک، رومن پول، ردرفورڈ، ابرار احمد، وہاب ریاض (کپتان)، عمید آصف، وقار سلام خیل، ثمین گل
اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ:
کولن منرو، عثمان خواجہ (کپتان) برینڈن کنگ، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، محمد اخلاق (وکٹ کیپر) حسن علی، ظفر گوہر، فواد احمد، عاکف جاوید