لاہور: (ویب ڈیسک) ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 183 رنز بنائے ،گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم پی ایس ایل میں اپنے کم ترین سکور 73 رنز پر ڈھیر۔
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 110 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں ان کے سفر کا خاتمہ کردیا۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے لیگ کے 25 ویں میچ میں گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ سلطانز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے انہیں 72 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، گزشتہ میچوں کے برعکس محمد رضوان 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ صہیب مقصود اس مرتبہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور افغان سپنر ظاہر خان کی وکٹ بن گئے ۔
دوسرے اینڈ سے شان مسعود نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی انہوں نے 42 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقی بلے باز ریلی روسو کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وہ صرف دو رنز بنا کر چلتے بنے ۔اس موقع پر جانسن چارلس اور خوشدل شاہ نے پانچویں وکٹ کیلئے 42 رنز کی شراکت قائم کی، جانسن چارلس نے 24 گیندوں پر 47 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے ، گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے ۔
ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کیلئے اوپنرز نے اننگز کی سب سے بڑی 27 رنز کی شراکت قائم کی، عمران خان نے جیک ویدرلڈ کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی اور ایک گیند بعد ہی کیمرون ڈیلپورٹ کا بھی کام تمام کردیا۔ اس کے بعد وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا جو پھر تھم نہ سکا اور گلیڈی ایٹرز یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے۔ عمران طاہر نے عمدہ سپیل کرتے ہوئے تین وکٹیں اپنے نام کیں اور گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم پی ایس ایل میں اپنے کم ترین سکور 73 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔