لاہور: (روزنامہ دنیا) انگلینڈ سے بارباڈوس پہنچنے والا قومی کرکٹ سکواڈ ایک روزہ آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد گزشتہ روز ٹریننگ سیشن کیلئے بارباڈوس کے برج ٹاؤن سٹیڈیم میں اتر گیا جہاں چار روز تک نیٹ سیشن میں شرکت کا پلان بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ سے ویسٹ انڈیز آمد پر پاکستانی کھلاڑیوں کو آن ارائیول کوویڈ ٹیسٹنگ کے عمل سے گزرنا پڑا جس کے نتائج منفی آئے تھے جبکہ دوسری مرتبہ کوویڈ ٹیسٹنگ کے نتائج بھی منفی آنے کے بعد ایک روزہ آئسولیشن کے بعد گرین شرٹس کو گزشتہ روز میدان میں اترنے کی اجازت مل گئی جس کے دوران کھلاڑیوں نے رننگ کے علاوہ جسمانی ورزش بھی کی اور نیٹ پر بیٹنگ اور باؤلنگ بھی کرتے دکھائی دیئے۔ واضح رہے کہ کھلاڑیوں نے ساحل پر فٹ بال اور والی بال کھیل کر بھی وقت گزارا اور بیشتر تیراکی کے فن کا مظاہرہ بھی کرتے رہے۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق تیسری کوویڈ ٹیسٹنگ کرانے سمیت قومی سکواڈ چار روز تک نیٹ سیشنز میں شرکت کرے گا البتہ ٹیم انتظامیہ کی خواہش پر ان نیٹ سیشنز کو سیناریو بیسڈ میچز میں بھی تبدیل کیا جاسکتا ہے جس کے دوران کھلاڑی مخصوص اہداف کے تعاقب میں بیٹنگ اور باؤلنگ کریں گے ۔ویسٹ انڈیز کیخلاف پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا آغاز 27 جولائی سے ہوگا جس کے بعد دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی شیڈول ہے۔