لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے دو دہائیوں کے بعد اعتراف کیا ہے کہ میرے اداکارہ و ڈانسر دیدار سے تعلقات تھے۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم سابق آل راؤنڈر نے گرین شرٹس کی طرف سے 265 ون ڈے ، 46 ٹیسٹ اور 32 ٹی ٹونٹی میچز میں نمائندگی کی۔ ان کا شمار اچھے بلے بازوں میں ہوتا تھا، وہیں انہیں بہترین باؤلر بھی سمجھا جاتا تھا اور ان کا کیریئر تنازعات سے بھی بچا رہا۔
1999ء میں جب عبد الرزاق کا کیریئر عروج پر تھا تو خبریں گردش کر رہی تھیں کہ آل راؤنڈر کے تعلقات سٹیج ڈانسر دیدار سے ہیں لیکن ایسی خبروں کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی لیکن سابق کرکٹر نے معاملے پر کھل کر بات کی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران عبدالرزاق نے ڈانسر دیدار سے تعلقات کے معاملے پر کھل کر بات کی اور کرکٹ کے کئی رازوں سے بھی پردہ اٹھایا۔
انٹرویو کے دوران سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ میری صلاحیتوں کو صحیح طریقے سے استعمال نہیں کیا گیا اور متعدد مرتبہ کرکٹ بورڈ کی اعلیٰ انتظامیہ کے فیصلوں کی وجہ سے ٹیم سے باہر نکالا گیا۔ ماضی میں میچ فکسنگ کی بھی پیشکش کی گئی اور میں نے پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے فکسرز کو بتایا کہ وہ انہیں بہت ہی زیادہ پیسے دیں تو وہ پھر ہی وہ ایمان خراب کرینگے۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً ایک درجن کپتانوں کی سربراہی میں کرکٹ کھیلی اور جب یونس خان کو کپتانی کی پیشکش کی گئی تو انہیں احکامات دیے گئے کہ عبدالرزاق سمیت 7 کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کریں مگر یونس خان نے اس آفر کو مسترد کر دیا۔
سابق کرکٹر کے مطابق یہی پیش کش بعد ازاں شعیب ملک کو کی گئی اور وہ اعلیٰ حکام کے آگے مجبور تھے، انہوں نے مجبوری کے تحت ان سمیت 5 کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کیا۔ وہ ٹیم سے نکالے جانے کے معاملے پر شعیب ملک کو قصور وار نہیں سمجھتے۔
پروگرام میں عبدالرزاق نے اداکارہ دیدار سے تعلقات کے سوال پر اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ میرے اداکارہ سے تعلقات رہے ہیں۔ یہ تعلقات 1999 میں استوار ہوئے تھے اور بات شادی تک بھی پہنچ گئی تھی مگر اداکارہ سے کوئی بڑے وعدے نہیں کیے تھے اور شادی کے لیے ان سے شوبز چھوڑنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ دیدار کو شادی کرنے کیلئے شوبز چھوڑنے کے فیصلے کیلئے 6 ماہ کا وقت دیا تھا مگر بعد میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ اپنا کیریئر نہیں چھوڑ سکتیں، جس بنا پر انہوں نے ان سے شادی نہیں کی۔ چوںکہ ان کا خاندان کسی شوبز شخصیت کو قبول نہیں کرتا، اس لیے انہوں نے دیدار سے شادی نہیں کی۔