لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اور صدارتی تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ جب ایک کرکٹر وزیراعظم بن سکتا ہے تو اداکارہ کیوں نہیں، پاکستان کی وزیراعظم بننے کی خواہش ہے۔ اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے اداکارہ پر تنقیدی نشتر چلا دیئے ہیں۔
چند روز قبل نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے معروف اداکارہ اداکارہ مہوش حیات نے کہا کہ مجھے سیاست میں بہت دلچسپی ہوگئی ہے۔ انشا اللہ جلد سیاست میں آؤں گی۔
میزبان نے ایک اور سوال پوچھتے ہوئے کہا کیا آپ پارلیمانی سیاست کریں گی یا پارٹی سیاست؟ سوال کے جواب میں مہوش حیات نے کہا میرا ارادہ ملک میں بہتری لانے کا ہے، اب وہ پارلیمانی طریقے سے آتی ہے یا اپنی پارٹی بنانے سے آتی ہے یہ تو وقت بتائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ مہوش حیات سیاست میں آنے کی خواہشمند
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا پی ٹی آئی کی سیاست سے متاثر ہوں کیونکہ وہ نہ صرف کافی تبدیلی لائے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک نئی سوچ کے ساتھ آئے ہیں۔ عمران خان پہلے ایک کرکٹر تھے توجب ایک کرکٹر وزیراعظم بن سکتا ہے تو اداکارہ ملک کی وزیراعظم کیوں نہیں بن سکتی۔
دوسری طرف مہوش حیات کو وزیراعظم عمران خان کے ساتھ خود کا موازنہ کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
صارفین نے لکھا مہوش حیات زیرو قابلیت کے بل پر وزیراعظم بننا چاہتی ہیں۔ کسی نے لکھا عمران خان پیدائشی کرکٹر نہیں بلکہ پیدائشی لیڈر ہیں اس لیے وہ آج ملک کی قیادت کررہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے عمران خان کی سیاست میں 25 سالہ جدوجہد کا بھی حوالہ دیا اور کہا عمران خان نے ملک کا وزیراعظم بننے کے لیے برسوں جدوجہد کی ہے۔ کسی نے مہوش حیات کے اس بیان پر انہیں اپنا دماغی علاج کروانے مشورہ دیا تو کسی نے ان کی بات کو مذاق میں اڑادیا۔ اس کے علاوہ کچھ صارفین نے مہوش حیات کی قابلیت کے بارے میں بھی سوال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مہوش حیات ’بینظیر بھٹو‘ کا کردار نبھائیں گی
نزہت قمر نامی خاتون نے لکھا جب اوقات سے زیادہ بغیر محنت کے مل جائے تو ایسے ہی خواب آنے لگتے ہیں، بی بی اپنا علاج کرواؤ۔ ایک صارف نے لکھا عمران خان چیمپئن ہیں ان میں بہت ساری خوبیاں ہیں ان کی سوچ دنیا میں موجود کسی بھی انسان سے بالا تر ہے کوئی بھی اپنا موازنہ عمران خان کی شخصیت سے نہیں کرسکتا۔
مہروز نامی صارف نے مہوش حیات پر طنز کرتے ہوئے لکھا آپ وزیراعظم بننا چاہتی ہیں اور اس کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں آئٹم نمبر پر ڈانس کریں گی؟