ڈیبیو میچ میں گیل کی وکٹ لینے پر فخر محسوس کر رہا ہوں: محمد وسیم جونیئر

Published On 29 July,2021 07:04 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں کرس گیل کی وکٹ لینے والے محمد وسیم جونیئر کا کہنا تھا کہ ہارڈ ہٹر بیٹسمین کو آؤٹ کرنے پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر عثمان قادر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے محمد وسیم جونئیر کوپہلے میچ میں کرس گیل کی وکٹ لینے پر حوصلہ افزائی کی۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے ٹویٹر پر جاری کردہ ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے ینگ باؤلرز کا کہنا تھا کہ میچ مکمل نہیں ہو سکا لیکن باؤلرز کو اس میچ سے بہت اعتماد ملا ہے۔

عثمان قادر نے اپنے ساتھی باؤلر محمد وسیم جونئیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محمد وسیم اور ان کی فیملی کے لیے یہ بڑا قابل فخر لمحہ ہے جنہوں نے اپنے ڈیبیو ٹی ٹوئنٹی میچ میں اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین کی وکٹ حاصل کی جو کافی بڑی بات ہے جبکہ انہوں امید ظاہر کی کہ فاسٹ باؤلر اپنی اس فارم کو آگے بھی برقرار رکھیں گے۔

لیگ سپنر کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے پلیئرز جارحانہ بیٹنگ کرتےہیں، پچ سے ٹرن مل رہا تھا جبکہ منیجمنٹ نے رنز روکنے کی ہدایت کی تھی اس لیے پلان کے مطابق بولنگ کی گئی۔

فاسٹ باؤلر محمد وسیم جونیئر کا کہنا تھا کہ ڈیبیو میچ میں کرس گیل کی وکٹ لینے پر فخر محسوس کر رہا ہوں، کپتان بابر اعظم نے یہی کہا تھا کہ لائن اینڈ لینتھ پر بولنگ کرتے ہوئے انجوائے کرنا ہے اس لیے میں نے بہت انجوائے کیا، انٹر نیشنل کرکٹ کھیلنے کا اپنا مزہ ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا آیا ہوں لیکن انٹر نیشنل کرکٹ میں بہت فرق ہے۔

Advertisement