کے پی ایل: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھارت کے رویے کا نوٹس لینا چاہیے، شاہ محمود

Published On 02 August,2021 10:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھارت کے رویے کا نوٹس لینا چاہیے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ کھیلوں کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے، میں بھارت کے رویے کی مذمت کرتا ہوں، کے پی ایل جیسے ایونٹ نارمل ایکٹیویٹی کو پروموٹ کرتے ہیں، کشمیر پریمیئر لیگ جیسے ایونٹ مقبوضہ کشمیر میں کروائیے، آپ کو کس نے روکا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر پریمیر لیگ کا لوگوں کو انتظار ہے، کشمیری کھلاڑی آزاد کشمیر سے ہو یا مقبوضہ کشمیر سے، آگے بڑھتا ہے توحوصلہ افزائی کرنی چاہیے، بھارت کے رویے سے ان کی نیک نامی میں اضافہ نہیں ہو رہا، کھلاڑیوں کو دھمکایا جا رہا ہے کہ انہیں ویزے نہیں ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہیے تو یہ تھا کہ میچز کو شارجہ کی طرح سرینگر میں سکرین لگا کر دکھایا جاتا، انہیں کشمیر پریمیئر لیگ کا اتنا خوف کیوں ہے؟ انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ کو بھارت کےرویے کا نوٹس لینا چاہیے۔
 

Advertisement