لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور افغانستان کے درمیان ون ڈے سیریز کو منسوخ کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اورافغانستان کی ون ڈے سیریز سری لنکا میں کھیلی جانے تھی ، اس سیریز کے دوران گرین شرٹس نے افغانستان کی میزبانی میں سیریز کھیلنی تھی۔ اس سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 سے 9 ستمبر تک 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلے جانے تھے
ذرائع کے مطابق سری لنکا میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کے بعد ملک بھر میں لاک ڈاؤن لگا دیاگیا ہے جس کے باعث پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز منسوخ کر دی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرزکی رپورٹ کے مطابق سری لنکا میں حالات کافی خراب ہو رہے ہیں، ہسپتالوں میں حالات ابتر ہو رہے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ ملک بھر میں کرفیو لگا دیا جائے۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں کورونا وائرس کے باعث روزانہ کی بنیادوں پر 186 افراد زندگی کی بازی ہار رہے ہیں جبکہ 3800 سے زائد افراد مہلک وباء کا نشانہ بن رہے ہیں اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے کوئی آئی سی یو بیڈز دستیاب نہیں ہے۔
اس سے قبل خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی سیریز کے لیے قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیئے جانے کا امکان ہے، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان، فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی، حسن علی کو آرام کی غرض سے باہر بٹھایا جا سکتا ہے۔
پاکستان نے افغانستان کیخلاف سیریز کے بعد لمبی کرکٹ کھیلنی ہے جس کے لیے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو آرام دیا جا رہا ہے، نیوزی لینڈ، انگلینڈ کے خلاف سیریز اور ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کے بعد قومی ٹیم نے متعدد سیریز کھیلنی ہے جس کے باعث سینئر پر ورک لوڈ کم کر کے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم کی غیر موجودگی میں شاداب خان ممکنہ طور پر قیادت کریں گے جبکہ وکٹ کیپر کے فرائض سرفراز احمد یا نوجوان وکٹ کیپر اعظم خان بھی کھیل سکتے ہیں۔
وکٹ کیپر بیٹمسین محمد رضوان نے بھی کہا ہے کہ ہم مسلسل کھیلتے ہوئے آ رہے ہیں، بائیو سکیور ببل میں حالات مشکل ہوتے ہیں یہ اتنا آسان نہیں ہوتا ہم مائنڈ کو ریسٹ دینا چاہتے ہیں اس لیے ہم نے آرام لینے کا کہا ہے۔ اس وقت ہمارا سارا فوکس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر ہے افغانستان کے خلاف یہ ون ڈے میچز کی سیریز ہے اس لیے ہم کچھ کھلاڑیوں نے آرام لینے کے لیے کہا ہے ۔ ہم ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے تازہ دم ہو کر واپس آئیں گے، بائیو سکیور ببل میں رہنے کے لیے آرام ضروری ہے، اس کے بعد آئندہ سیزن میں بھی بیک ٹو بیک کرکٹ ہے، اب کرکٹ مسلسل ہو رہی ہے اور کھلاڑیوں کو مسلسل بائیو سکیور ببل میں رہنا پڑ رہا ہے۔