لاہور: (دنیا نیوز) چودھری پرویز الہٰی سے چیئرمین این سی او سی اسد عمر نے ملاقات کی جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے نیشنل کمانڈ سینٹر کے ملک بھر میں بہتر اقدامات پر اسدعمرکی تعریف کی۔
اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہیں، پاکستان کی سلامتی کو پاک افواج کے ہوتے ہوئے کوئی خطرہ نہیں، ملک کو اس وقت سنگین خطرات کا سامنا ہے، ملکی سلامتی کے دفاعی ادارے افغانستان کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ بلدیاتی نظام ایسا ہونا چاہیے جس کا فائدہ عام آدمی تک پہنچے، بلدیاتی نظام اتحادی پارٹیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے، وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کیلئے سب کو ایس او پیز پر عمل کرنا اور ویکسین لگانا ہوگی۔