پی سی بی میں اچانک فوری تبدیلیوں سے گزیز، رمیز راجہ کی متوقع پالیسی

Published On 28 August,2021 09:07 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) سابق کپتان رمیز راجہ کو چیئرمین کرکٹ بورڈ کی کرسی پر بیٹھنے کے بعد کئی اہم اور فوری چیلنجز کا سامنا ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی کرسی سنبھالنے کے بعد رمیز راجہ کو نیوزی لینڈ ٹیم کی میزبانی کے ساتھ ورلڈکپ کے لیے ایک مضبوط پاکستانی ٹیم کا انتخاب اہم ایشو ہے اور یہ فیصلہ بھی کرنا ہوگا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق، باؤلنگ کوچ وقار یونس اور ان کے ساتھیوں پر مشتمل ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ ہی میگا ایونٹ میں جانا ہے یا پھر اس سیٹ اپ میں تبدیلی لانا ہوگی۔

اطلاعات کے مطابق پی سی بی کے متوقع نئے چیئرمین نے پرانے ساتھی کرکٹرز سے مشاورت بھی شروع کر دی ہے، ایک سابق کرکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ رمیز راجہ اچانک اور فوری تبدیلیوں سے گریز کی پالیسی اپنانے کو ترجیح دیں گے جب کہ ٹیم کے انتخاب سے پہلے رمیز راجہ مینجمنٹ اور چیف سلیکٹر محمد وسیم سے ملاقاتیں کریں گے جس میں وہ کوچنگ اور ٹیم سلیکشن کے حوالے سے اپنی رائے دیں گے۔

ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ اور پی سی بی سیٹ اپ میں تبدیلیاں ورلڈکپ کے بعد کی جائیں گی۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم کی جگہ کسی سینئر کرکٹر کو یہ ذمہ داری سونپی جائے گی۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں ڈائریکٹر اکیڈمیز ندیم خان اور کوچنگ سٹاف میں بھی ردوبدل ہوگا۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے ساتھ پی سی بی میں بھی چند پرانے چہروں کی واپسی ہوسکتی ہے۔ سابق چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی بھی بورڈ میں اہم عہدے پر واپسی بھی ہوسکتی ہے۔