’پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلی ناگزیر تھی‘: شاہد آفریدی کی رمیزر اجہ کو مبارکباد

Published On 27 August,2021 06:20 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلی ناگزیر تھی اور اب یہ تبدیلی آگئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میں رمیز راجہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ کیونکہ وہ کرکٹ کو سمجھتے ہیں اور پوری دنیا میں ہونے والی کرکٹ کو دیکھتے بھی ہیں، اسی وجہ سے میں سمجھتا ہوں بورڈ میں تبدیلی ناگزیر تھی، رمیز راجہ احسان مانی کی جگہ سنبھال رہے ہیں۔ دیکھنا چاہتا ہوں رمیز راجہ مستقبل میں کیا بڑا فیصلہ کرتے ہیں۔ کرکٹ بورڈ میں میرٹ پر فیصلے ہونے چاہئیں۔ پی سی بی میں تبدیلی کی ضرورت تھی اور اب یہ تبدیلی آگئی ہے

میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہد آفریدی نے کہا کہ قومی ٹیم کے سینئر بیٹسمین محمد حفیظ اور سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک کی کرکٹ ٹیم کو مزید ضرورت ہے، اور ان دونوں پلیئرز کو ٹی 20 ورلڈکپ میں شامل کیا جائے۔

شاہین شاہ آفریدی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان فاسٹ باؤلر کا مستقبل روشن ہے، وہ اچھے گیند باز ہیں، بس شاہین کو اپنی قابلیت دنیا کو مزید دکھانا ہو گی۔