دورہ پاکستان: کرکٹ آسٹریلیا نے بھی فیصلے پر نظرثانی کا عندیہ دیدیا

Published On 18 September,2021 04:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ منسوخ کیے جانے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے بھی اپنے فیصلے پر نظرثانی کا عندیہ دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف سیریز کو یکطرفہ طور پر منسوخ کر دیا تھا جس کے بعد کیویز بورڈ نے دورہ بھی ختم کر دیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے دورہ منسوخ کیے جانے کے بعد حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئر مین نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے آئی سی سی میں لے جانے کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسری طرف نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخی کے معاملے پر کرکٹ آسٹریلیا نے بھی اپنے فیصلے پر نظرثانی کا عندیہ دیدیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے فروری میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے لیے کھیلنے آنا ہے۔

ترجمان کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے کرکٹ آسٹریلیا پہلے دن سے خواہاں ہے، متعلقہ حکام اور سیکیورٹی ماہرین سے مشاورت کے بعد کسی فیصلے پر پہنچیں گے۔ نیوزی لینڈ کے معاملے سے ہٹ کر کرکٹ آسٹریلیا جلدبازی میں کوئی فیصلہ نہیں کرے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سکیورٹی وجوہات کی بناء پر سیریز کی منسوخی کے بعد انگلینڈ ٹیم کا دورہ پاکستان بھی خطرے میں پڑ گیا۔

انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مطابق پاکستان کے دورے کے بارے میں فیصلہ اگلے 24 تا 48 گھنٹے میں کریں گے۔ انگلش بورڈ اپنی سیکیورٹی ٹیم سے پاکستان کے بارے میں رائے حاصل کررہا ہے۔ ہم نیوزی لینڈ کرکٹ کے سیکیورٹی الرٹ سے جڑے فیصلے سے آگاہ ہیں۔

ای سی بی نے مزید کہا کہ پاکستان میں گراؤنڈ پر موجود ہماری سیکیورٹی ٹیم سے صورتحال سے متعلق آگاہی لے رہے ہیں۔ ہم 48 گھنٹوں میں پاکستان میں انگلش ٹیم کے ٹی 20 میچز کی اجازت دینے یا نہ دینے سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ نیوزی لینڈ کا سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دورہ ختم کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔
 

Advertisement