لاہور: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ کی طرف سے پاکستان کیخلاف سیریز کو یکطرفہ منسوخ کرنے کے بعد حکومتی ارکان کا بھی رد عمل آ گیا ہے۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اگر نیوزی لینڈ ٹیم نہیں تو کوئی اور سہی، پاکستان کرکٹ اور سیاحت کیلئے محفوظ ملک ہے۔
فرخ حبیب نے آخر میں پاکستان زندہ باد کا ہیش ٹیگ بھی لکھا۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ انشا اللہ پاکستان میں کرکٹ ہوتی رہے گی۔ نیوزی لینڈ چلا گیا تو کوئی بات نہیں دنیا میں اور ٹیمیں بھی موجود ہیں۔ پاکستان کھیلے گا بھی اور جیتے گا بھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بہادر قوم کو کرکٹ اور جنگ دونوں لڑنی بھی آتی ہیں اور جیتنی بھی آتی ہیں۔
آخر میں انہوں نے پاکستان زندہ باد ہیش ٹیگ بھی لکھا۔
وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی دی گئی۔ نیوزی لینڈ ٹیم کی واپسی کافیصلہ ان کا اپنا تھا۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے جانے پاکستان میں کرکٹ ختم نہیں ہو گی۔ پاکستانی کرکٹ کو جنون کی حد تک پسند کرتےہیں، پاکستان کے گراؤنڈ آباد رہیں گے، شائقین مایوس نہیں ہوں گے۔
اُدھر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے۔ پاکستانی کھیلوں خصوصا کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہے۔ پنجاب حکومت نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے لئے بہترین اور فول پروف انتظامات کئے۔ دورے کی منسوخی پر شائقین کرکٹ کو افسوس ہوا۔ انشاءاللہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کے ساتھ دیگر سپورٹس ہوں گی۔ کرکٹ ہونی چاہیے اور پر امن پاکستان میں کرکٹ ضرور ہو گی۔
ٹویٹر پر اپنے پیغام میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں۔ کیوی ٹیم کو بہترین سکیورٹی دی گئی۔ پاکستان کا منفی تاثر ابھارنے کے لئے یہ عالمی سازش ہے جس میں بھارت کے ملوث ہونے سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستانی عوام کو اپنی افواج، فضائیہ، نیوی و تمام سیکورٹی اداروں پر فخر ہے جن کی وجہ سے ملک میں امن قائم ہوا۔
اپنے ایک پیغام میں گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ ہونی چاہئے، نیوزی لینڈ چلا گیا تو کوئی بات نہیں، کرکٹ پاکستانی قوم کے دلوں میں ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم اور اے ٹیم کے درمیان میچ ہونا چاہئے یا لیجنڈ کرکٹرز کا میچ ہو یا بے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ختم نہیں ہونی چاہئے۔ کرکٹ چلتی رہنی چاہئے، ہم نے پاکستان کےخلاف سازش کرنیوالوں کا ناکام بنانا ہے۔
ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے جانے سے عوام کومایوس نہیں ہونا چاہیے۔ پاکستان کے امیج پرکوئی کمپرومائزنہیں کریں گے۔ اگرکوئی کرکٹ نہیں کھیلتا تو نہ کھیلے اور بھی کئی ممالک ہیں۔
وفاقی وزیر حماد اظہر نے پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب مریم نواز کے ٹویٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم سے بےشک نفرت کرو لیکن میری دھرتی کی کچھ تو نمک حلالی کرو جس کی دولت سے باہر جائیدادیں بنائیں۔