بی او جی اجلاس،وسیم خان کا استعفیٰ منظور،رمیز راجہ بہترین قیادت پر مشکور

Published On 29 September,2021 05:21 pm

لاہور:(دنیا نیوز)پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں وسیم خان کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(بی او جی ) کا اجلاس آج بذریعہ ویڈیو کانفرنس منعقد ہوا، جس میں چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے وسیم خان کے استعفیٰ کو متفقہ طورپر منظور کرتے ہوئے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ بہترین قیادت پر پی سی بی وسیم خان کا مشکور ہے۔

گورننگ بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کاکہنا تھا کہ وسیم خان نے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ یکم فروری 2019 کو تین سال کے لیے سنبھالا تھا، اپنے دور میں انہوں نے پی سی بی میں بہترین قیادت کا مظاہرہ کیا، جس پرکرکٹ بورڈ ان کا مشکور ہے۔

رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ویسم خان کے کیرئیر اور مستقبل کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

دوسری جانب وسیم خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستگی پر فخر ہے، 2019 میں جب اس عہدے کا چارج سنبھالا تو اولین ذمہ داری دنیا بھر میں پاکستان کرکٹ کا مثبت تشخض اجاگر کرنا تھا۔

قبل ازیں وسیم خان نے گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے ملاقات کی جس میں رمیز راجہ نے تنخواہ اور اختیارات میں کمی کا عندیہ دیا جس کے بعد چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے اپنا استعفی پیش کر دیا۔

وسیم خان نےفروری 2019 ء میں اپنا عہدہ سنبھالا تھا اور ان کے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کنٹریکٹ کی مدت اگلے برس ختم ہونی تھی۔ وسیم خان جلد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ انگلینڈ روانہ ہوں گے۔

دوسری جانب چیئرمین رمیز راجہ سابق کرکٹرز کو بورڈ میں لانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔ کرکٹ بورڈ کی جانب سے عاقب جاوید اور معین خان سے رابطے کئے گئے ہیں، انہیں پی سی بی میں ذمہ داریاں ملنے کا امکان ہے۔